آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ ،پاکستانی ویمنز ٹیم کی کولمبو کرکٹ گراؤنڈ میں پریکٹس

اتوار 12 اکتوبر 2025 21:10

کولمبو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے سلسلے میں پاکستانی ویمنز ٹیم نے کولمبو کرکٹ گراؤنڈ میں پریکٹس کی۔ پی سی بی کے مطابق کولمبو میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے باعث نائٹ ٹریننگ سیشن صرف دو گھنٹے تک محدود رہا تاہم کھلاڑیوں نے اس مختصر دورانیے میں بھرپور مشقیں کیں۔ پریکٹس کے دوران کھلاڑیوں نے فزیکل فٹنس کے ساتھ ساتھ بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی خصوصی مشقیں کیں۔

(جاری ہے)

کوچنگ سٹاف نے کھلاڑیوں کو کھیل کے مختلف پہلوؤں پر رہنمائی فراہم کی اور بیٹنگ، باؤلنگ و فیلڈنگ میں بہتری کے لیے اہم گائیڈ لائنز دیں۔ واضح رہے کہ قومی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا چوتھا گروپ میچ 15 اکتوبر کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی۔ گرین شرٹس کو اب تک ایونٹ کے ابتدائی تینوں میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل رہنے کے لیے پاکستان ٹیم کے لیے انگلینڈ کے خلاف کامیابی نہایت اہم ہے۔ پاکستان ٹیم اپنا پانچواں میچ 18 اکتوبر کو نیوزی لینڈ، چھٹا میچ 21 اکتوبر کو جنوبی افریقہ جبکہ ساتواں و آخری گروپ میچ 24 اکتوبر کو میزبان سری لنکا کے خلاف کھیلے گی۔