وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کیلئے امریکہ پہنچ گئے

اتوار 12 اکتوبر 2025 21:20

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کے لیے امریکہ پہنچ گئے۔اتوار کووزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانہ کے اعلیٰ افسران نے وزیر خزانہ اور وفد میں شامل دیگر ارکان کا استقبال کیا۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اپنے دورہ امریکہ کے دوران ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف کے پلینری اجلاسوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اپنے دورہ امریکہ کے دوران آئی ایم ایف ، ورلڈ بنک، انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) اور ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی (ایم آئی جی اے) کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ کی عالمی بنک کے صدر اجے بنگا سے بالمشافہ ملاقات ہو گی۔وزیر خزانہ اجے بنگا کی خصوصی دعوت پر اُن کی جانب سے منتخب ممالک کے وزرائے خزانہ کو دیے گئے عشائیہ میں شریک ہوں گے۔

وزیر خزانہ کی G24 اور مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ اور پاکستان (MENAP) ممالک کے پلیٹ فارم پر آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹلینا جارجیوا سے بھی ملاقات ہو گی۔وزیر خزانہ MENAP کے فورم سے بطور کلیدی مقرر خطاب بھی کریں گے۔وزیر خزانہ ایف بی آر کی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے حوالے سے عالمی بینک کے زیر اہتمام منعقدہ علاقائی راؤنڈ ٹیبل میں شرکت کریں گے۔

راؤنڈ ٹیبل میں ایف بی آر حکام کے علاوہ دیگر ممالک کے ٹیکس حکام بھی اپنی ٹیکس اصلاحات کو اجاگر کریں گے۔وزیر خزانہ ورلڈ اکنامک فورم (ڈبلیو ای ایف) کے زیر اہتمام دو اہم ایونٹس میں شریک ہوں گے۔دورہ کے دوران وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب چین، برطانیہ، سعودی عرب، ترکیہ اور آذربائیجان کے ہم منصب سے ملاقاتیں کریں گے۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی وائٹ ہاؤس کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی شیڈول کا حصہ ہیں۔

وزیر خزانہ کی کانگریس کی فنانشل سروسز کمیٹی کے چئیر مین سے بھی ملاقات ہو گی۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب امریکہ کے سٹیٹ اور ٹریثری ڈیپارٹمنٹس اور انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن (DFC) کے اعلیٰ حکام سے بھی ملیں گے، وہ یو ایس پاکستان بزنسل کونسل کے عہدہ داران و ارکان سے ٹیکس تجاویز اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر گفتگو کریں گے۔

دورہ کے دوران وزیر خزانہ کی عالمی کریڈٹ ریٹنگز ایجنسیوں، کمرشل بنکوں بالخصوص مشرق وسطی کے سرمایہ کار بنکوں کے حکام سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔وزیر خزانہ مختلف سرمایہ کاری فورمز اورسیمینارزسے خطاب کے دوران ملک کے معاشی منظر نامے کو واضح کریں گے۔وزیر خزانہ امریکہ کے معروف تھنک ٹینکس بشمول اٹلانٹک کونسل اور پیٹرسن انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل اکنامکس (PIIE) کا دورہ کریں گے۔محمد اورنگزیب پاکستانی کمیونٹی کے سرکردہ ارکان سے بھی ملاقات کریں گے۔وزیر خزانہ منتخب بین الاقوامی اور امریکی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بھی انٹرویوز دیں گے۔وزیر خزانہ اپنے چھ دن کے دورہ کے دوران 65 سے زائد ایونٹس،فورمز، تقریبات، نشستوں اور ملاقاتوں میں شریک ہوں گے۔