پاکستان سمیت دنیا بھرمیں قدرتی آفات سے بچائو کا عالمی دن منایا گیا

زلزلوں، سیلابوں، طوفانوں، جنگلاتی آگ اور موسمیاتی تبدیلیوں جیسے قدرتی خطرات سے محفوظ رکھنے کیلئے بروقت اقدامات کا عزم

پیر 13 اکتوبر 2025 12:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2025ء) پاکستان سمیت دنیا بھرمیں قدرتی آفات سے بچائو کا عالمی دن منایا گیا۔ دنیا بھر میں ہر سال 13 اکتوبر کو ’’قدرتی آفات سے بچاؤ کا عالمی دن‘‘ اس عزم کے ساتھ منایا جاتا ہے کہ انسانیت کو زلزلوں، سیلابوں، طوفانوں، جنگلاتی آگ اور موسمیاتی تبدیلیوں جیسے قدرتی خطرات سے محفوظ رکھنے کیلئے بروقت اقدامات کئے جائیں،یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ قدرتی آفات کو مکمل طور پر روکا تو نہیں جا سکتا لیکن منصوبہ بندی، آگاہی، جدید ٹیکنالوجی اور اجتماعی تعاون کے ذریعے ان کے اثرات کو کم ضرور کیا جا سکتا ہے، بدلتے ہوئے ماحولیاتی حالات میں اس دن کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے کیونکہ بروقت تیاری اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل ہی انسانی جانوں، معیشت اور ماحول کو تباہ کن نقصانات سے بچانے کا واحد راستہ ہے۔

(جاری ہے)

1978ء میں اس دن کو منانے کی بنیاد رکھی گئی تاکہ عوام کو ناگہانی سانحات جیسے سیلاب، زلزلے، سونامی، آتش فشاں پھٹنے اور دیگر قدرتی آفات سے متعلق ضروری معلومات فراہم کی جا سکیں، یہ دن دنیا بھر میں مختلف تنظیموں کے تحت منایا جاتا ہے، جن میں شہری دفاع کے ادارے، رضاکار تنظیمیں، ریسکیو ادارے اور سماجی تنظیمیں شامل ہوتی ہیں۔قدرتی آفات وہ ناگہانی سانحات ہیں جو انسانی زندگیوں اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچاتے ہیں، دنیا بھر میں مختلف اقسام کی قدرتی آفات آتی ہیں، جن میں سیلاب، زلزلے، سونامی، طوفان، آتش فشاں، جنگلات میں آگ اور خشک سالی شامل ہیں، ہر قسم کی قدرتی آفت کے اپنے اثرات ہوتے ہیں اور ان کا دائرہ کار کم یا وسیع ہو سکتا ہے۔

پاکستان میں ماضی قریب میں بھی قدرتی آفات نے تباہی مچائی، پاکستان قدرتی آفات کا شکار رہنے والا ایک ایسا ملک ہے، جہاں سیلاب، زلزلے، لینڈ سلائیڈز اور طوفان جیسی آفات کا سامنا رہتا ہے۔ 2005ء کا کشمیر زلزلہ 8 اکتوبر 2005ء کو پاکستان کے شمالی علاقوں میں زلزلہ آیا، جس میں تقریباً 86 ہزار افراد جان سے گئے اور لاکھوں لوگ بے گھر ہوگئے، اس زلزلے نے ایسے ایسے غم و الم کے قصے چھوڑے کہ سن کر اب بھی خوف طاری ہو جاتا ہے خاندانوں کے خاندان تباہ ہوگئے کہیں صرف ایک دن کا بچہ باقی بچہ اور پورا خاندان تباہ ہوگیا، کہیں صرف سو سال کا بزرگ دادا بچا اور باقی پورا خاندان دار فانی سے کوچ کر گیا۔

2010ء کا سیلاب: یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب تھا، جس نے ملک کے بیشتر حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، تقریباً 20 ملین لوگ متاثر ہوئے اور انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا۔حالیہ سیلاب نے پاکستان کے مختلف علاقوں، خصوصاً سندھ اور بلوچستان کو تباہ کیا، لاکھوں لوگ بے گھر ہوئے اور ملک کے معاشی حالات مزید خراب ہوگئے۔حکومت پاکستان نے قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں، جیسا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا قیام، پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کا قیام، فورسز اور دیگر اداروں کو ایمرجنسی میں بطور رضاکار ٹریننگ وغیرہ۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم ای) قدرتی آفات کے دوران ریلیف اور بحالی کی خدمات فراہم کرنے کا ذمہ دار ہے، محکمہ موسمیات سیلاب، زلزلے اور دیگر قدرتی آفات کی پیشگی اطلاع فراہم کرتا ہے، ملک میں جب بھی کوئی بڑی قدرتی آفت آتی ہے تو پاکستان آرمی اہم کردار ادا کرتی ہے۔