سیلاب سے بچنے کے لئے نئے ڈیمز کی تعمیر ناگزیر ہیں ،راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ

پیر 13 اکتوبر 2025 13:51

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2025ء) راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ سیلاب سے بچنے کے لئے نئے ڈیمز کی تعمیر ناگزیر ہیں بھارت مسلسل آبی جارحیت کر چکا ہے اور ہر سال بغیر پیشگی اطلاع کے پانی چھوڑ دیتا ہے جس کے نتیجے میں ملک کے چاروں صوبوں میں شدید سیلاب آتا ہے عوام کی جمع پونجی،مال مویشی،ذاتی املاک اور زرعی زمینیں تباہ وبرباد ہو جاتی ہیں جبکہ ہر سال کئی قیمتی انسانی جانیں بھی سیلاب کی نذر ہو جاتی ہیں ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ ملک کے اندر اگر بڑے پیمانے پر ڈیمز نہ بنائے گئے تو پاکستان کو مستقبل میں پانی کی شدید قلت اور خطرناک نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ وقت میں جب پاکستان کی عسکری قیادت اور سیاسی قیادت ایک پیج پر ہے قومی مفاد میں یہ سنہری موقع ہے کہ ملک کے اندر مختلف ڈیمز کی تعمیر کے حوالے سے فوری اور عملی اقدامات کئے جائیں تاکہ مستقبل میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے بھی بچا جا سکے اور عوام اور معیشت کو بھی نقصان نہ پہنچے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ مزید سیلاب سے بچاؤ کے لئے اب بڑے اور اہم فیصلے کرنے کا وقت آن پہنچا ہے ان کا کہنا تھا کہ ایک اور پہلو جس پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے، وہ ہے ہماری شہری اور دیہی منصوبہ بندی کا فقدان۔

بے ہنگم آبادیاں،نالوں پر تعمیرات،قدرتی آبی گزرگاہوں کی بندش اور دریا کے قریب انسانی بستیاں بنانا اس تباہی کو دعوت دینے کے مترادف ہیں۔وقت کم ہے، خطرات بڑھ رہے ہیں، مگر اگر ہم متحد ہو کر فیصلہ کریں اور عمل کریں، تو یہ خواب حقیقت کا روپ دھار سکتا ہے۔