پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کی دوستی سدا بہار ہے ، یوسف رضا گیلانی

پیر 13 اکتوبر 2025 23:12

پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کی دوستی سدا بہار ہے ، یوسف رضا گیلانی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کی دوستی سدا بہار ہے ، سکیورٹی، تجارت، تعلیم، ٹیکنالوجی اور ثقافت کے میدانوں میں تعاون سے انقرہ سے اسلام آباد اور باکو تک اعتماد، احترام ، اشتراکِ فکر کا مضبوط پل تعمیر کرسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں تیسرے سہ فریقی سپیکرز اجلاس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے اس کانفرنس کے انعقاد پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی نے اس اہم وقت میں برادر ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا ہے، چیئرمین سینیٹ نے اجلاس کے موضوع کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ بطور پارلیمنٹیرین یہ موضوع ان کے دل کے قریب ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آذربائیجان، پاکستان اور ترکیہ مشترکہ اقدار ، اتحاد کے مضبوط رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بطور وزیراعظم پاکستان ترکیہ اور آذربائیجان کے رہنماؤں سے ملاقاتوں کا شرف حاصل ہوا، ترکیہ ایک ایسا ملک ہے جو اپنے ماضی پر فخر کرتا ہے اور اپنے مستقبل پر یقین رکھتا ہے، آذربائیجان نے مشکلات کے بعد اپنی سرزمین کو ترقی و تعمیر کی علامت بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کی دوستی سدا بہار ہے ، وقتی ضرورت نہیں بلکہ ایک عقیدے پر مبنی اخوت ہے جو جنگوں، پابندیوں اور عالمی تغیرات کے باوجود ہمارا دوستی اور بھائی چارے کا رشتہ قائم ہے ، تینوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کے وقار اور خودمختاری کے احترام کو مقدم رکھا ہے ، تینوں ملکوں نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ، ایک دوسرے کے موقف کی تائید کی ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مسلم دنیا اس وقت فلسطین، کشمیر اور دیگر خطوں میں ناانصافی اور ظلم کے امتحان سے گزر رہی ہے، ان حالات میں پارلیمانوں کو بصیرت اور جرات کے مراکز بننا ہوگا، یہ سہ فریقی فورم صرف ایک سفارتی سرگرمی نہیں بلکہ ہمارے مشترکہ اقدار کا عملی اظہار ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سکیورٹی، تجارت، تعلیم، ٹیکنالوجی اور ثقافت کے میدانوں میں تعاون سے انقرہ سے اسلام آباد اور باکو تک اعتماد، احترام ، اشتراکِ فکر کا مضبوط پل تعمیر کرسکتے ہیں، نومبر میں اسلام آباد میں’’بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس‘‘ کے انعقاد کی تیاری کے تناظر میں یہ اجلاس پارلیمانی سفارت کاری کے ایک نئے باب کا آغاز ہے، امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے ہمارا عزم عالمی غیر یقینی حالات کے باوجود مضبوط ہے، امن اور خوشحالی منزل نہیں بلکہ ایک سفر ہے، اس سفر میں ہم ساتھ ساتھ ہیں۔

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس اہم اجلاس کی بدولت عوامی رابطوں کو فروغ دینے اور ترقی کے لئے ملکر کام کرنے کے لئے ٹھوس تجاویز سامنے آئیں گی۔