پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے تعلقات مشترکہ مذہب، اعتماد اور امن کی بنیاد پر استوار ہیں، صدر آصف علی زرداری کی ترکیہ اور آذربائیجان کی پارلیمانوں کے سپیکرز سے گفتگو

پیر 13 اکتوبر 2025 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے تعلقات مشترکہ مذہب، اعتماد اور امن کی بنیاد پر استوار ہیں، سہ فریقی سپیکرز کانفرنس جیسی سرگرمیاں تینوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون میں اضافے کی علامت ہیں۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے پیر کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے ترکیہ اور آذربائیجان کی پارلیمانوں کے سپیکرز نے ایوان صدر میں ملاقات کی، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق بھی اس موقع پر موجود تھے۔

صدر مملکت نے سہ فریقی سپیکرز کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر ترکی اور آذربائیجان کے سپیکرز کو مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ ایسی سرگرمیاں تینوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون میں اضافے کی علامت ہیں۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے ملاقات میں پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے گہرے اور برادرانہ تعلقات پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ رشتے مشترکہ عقیدے، باہمی اعتماد اور خطے میں امن و خوشحالی کے مشترکہ تصور پر استوار ہیں۔

آذربائیجان کی سپیکر غفاروا نے صدر مملکت کو آذربائیجان کی قیادت کے نیک جذبات اور نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے صدر مملکت کو آگاہ کیا کہ پہلی کانفرنس آذربائیجان، دوسری ترکیہ اور تیسری پاکستان میں منعقد ہوئی۔ آذربائیجان کی سپیکر نے پاکستانی ارکان پارلیمان کو باکو کا دورہ کرنے کی دعوت دی تاکہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سمیت تعاون کے نئے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔

صدر مملکت نے ترکیہ کی جانب سے پاکستان کی اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کی رکنیت کی حمایت کو سراہا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کی اہمیت پر زور دیا اور ترکیہ کی جانب سے پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں دلچسپی کا خیرمقدم کیا اور اعلان کیا کہ آنے والے زونز میں سے ایک کا نام ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوگان کے نام پر رکھا جائے گا۔ صدر مملکت نے استنبول-تہران-اسلام آباد ریلوے کوریڈور اور انٹرنیشنل نارتھ-سائوتھ ٹرانسپورٹ کوریڈور جیسے منصوبوں کو خطے میں تجارت اور رابطوں کے فروغ کے لیے کلیدی قرار دیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان امن، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کیلئے مل کر کام کرتے رہیں گے۔