پاکستان عالمی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں ماڈل بن رہا ہے،عالمی شراکت دارسمارٹ ڈیوائس مینوفیکچرنگ اور سپیشل ٹیکنالوجی زونز میں سرمایہ کاری کریں،وفاقی وزیر شزافاطمہ خواجہ

پیر 13 اکتوبر 2025 21:50

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کام شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ آئی ٹی یو کی آئی سی ٹی ڈویلپمنٹ انڈیکس میں پاکستان کی 14 فیصد بہتری اور یو این ای گورنمنٹ انڈیکس میں 14 پوزیشن کا اضافہ ہوا۔پاکستان عالمی شراکت داروں کو فائیو جی ، فائبر نیٹ ورک اوراے آئی انوویشن ہبز سمارٹ ڈیوائس مینوفیکچرنگ اور سپیشل ٹیکنالوجی زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دے رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو جیٹکس دبئی 2025‘‘ میں کلیدی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شزا فاطمہ نے کہا کہ پاکستان عالمی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں ماڈل بن رہا ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ڈیجیٹل نیشن پاکستان ایکٹ اور نیشنل ڈیجیٹل اتھارٹی کے ذریعے ملک میں موثر ڈیجیٹل نظام قائم کیا گیا، مضبوط کنیکٹیویٹی کے بغیر کوئی مصنوعی ذہانت کامنصوبہ کامیاب نہیں ہو سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 211,473 کلومیٹر فائبر آپٹک کیبل اور 20 سے زائد ڈیٹا سینٹرز قائم کئے گئے ہیں، نیشنل مصنوعی ذہانت پالیسی کے تحت 2030ء تک 1,000 اے آئی مصنوعات، 50,000 شہری اے آئی منصوبے اور 1 ملین اے آئی پروفیشنلز ہدف ہے۔ شزا فاطمہ نے کہا کہ آئی ٹی یو کی آئی سی ٹی ڈویلپمنٹ انڈیکس میں پاکستان کی 14 فیصد بہتری، یو این ای گورنمنٹ انڈیکس میں 14 پوزیشن کا اضافہ ہوا، موبائل انٹرنیٹ کے استعمال میں خواتین کی شراکت میں اضافہ ہوا،8 ملین مزید خواتین آن لائن آئیں ۔

شزا فاطمہ نے کہا کہ ڈی ایف ڈی آئی 2025ء میں 700 ملین ڈالر سرمایہ کاری کے معاہدے ہوئے، پاکستان عالمی شراکت داروں کو فائیو جی ، فائبر نیٹ ورک اور اے آئی انوویشن ہبز سمارٹ ڈیوائس مینوفیکچرنگ اور سپیشل ٹیکنالوجی زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دے رہا ہے۔