Live Updates

غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو اپنے ملک واپس جانا چاہیے، خالد مقبول صدیقی

پیر 13 اکتوبر 2025 23:30

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر تعلیم اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پاکستان) کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ان کی جماعت گزشتہ مردم شماری کے پانچ سال مکمل ہونے پر نئی مردم شماری کے انعقاد کا مطالبہ کرے گی۔ وہ پیر کے روز حیدرآباد انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ سائنسز میں ایک تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ افغان مہاجرین کے لیے تو کیمپ بنائے گئے تھے، لیکن وہ شہروں میں آ کر رہائش پذیر ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب جبکہ افغانستان میں اپنی حکومت قائم ہے، اس لیے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو اپنے ملک واپس جانا چاہیے۔ خالد مقبول صدیقی نے زور دیا کہ کراچی میں مقیم افغان شہریوں کو ترجیحی بنیادوں پر واپس بھیجا جائے کیونکہ یہ شہر ملک کی معاشی شہ رگ ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں، جب ان سے 27ویں آئینی ترمیم سے متعلق رائے پوچھی گئی تو انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان فیصلہ کرنے سے قبل یہ دیکھے گی کہ مجوزہ ترمیم میں سندھ کے شہری علاقوں کے لیے کیا تجاویز شامل ہیں۔ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق سوال پر خالد مقبول صدیقی نے وضاحت کی کہ ان کی جماعت کا مؤقف ہے کہ صوبے، ڈویژنز اور اضلاع کی طرح انتظامی اکائیاں ہونے چاہییں۔

انہوں نے کہا کہ نوآبادیاتی دور کے حکمرانوں نے صوبوں کو لسانی رنگ دے دیا، حالانکہ ان کی بنیاد صرف انتظامی اصولوں پر ہونی چاہیے تھی۔ تعلیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ آج کے دور میں ڈگریوں سے زیادہ مہارت اور عملی صلاحیت کو اہمیت دی جا رہی ہے۔ آج کل بیشتر ادارے ایسے تربیت یافتہ اور ہنر مند افراد کو ترجیح دے رہے ہیں جن کے پاس صرف ڈگریاں نہیں بلکہ عملی قابلیت بھی ہو۔ تقریب میں ادارے کے ریکٹر پروفیسر سعید الدین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ادارے کے پہلے تعلیمی سال کی تکمیل کی خوشی میں کیک کاٹنے کی تقریب بھی منعقد کی گئی۔
Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات