پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے، ڈاکٹر شہزاد اقبال

منگل 14 اکتوبر 2025 10:40

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) معروف معالج ڈاکٹر شہزاد اقبال نے کہا ہے کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے ،جس میں والدین، اساتذہ، میڈیا اور سماجی تنظیموں کو یکساں کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پولیو وائرس اب بھی چند علاقوں میں موجود ہے، جو بچوں کے مستقبل کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شہزاد اقبال نے کہا کہ پولیو ایک ایسا مرض ہے جو ایک بار جسم کو متاثر کر دے تو زندگی بھر کے لیے معذوری کا باعث بنتا ہے، اس لیے ہر بچےکو پولیو کے قطرےپلاناقومی فرض سمجھا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیمیں انتہائی محنت، خطرات اور مشکلات کے باوجود گھر، گھر جا کر یہ مہم چلا رہی ہیں، اس لیے عوام کو چاہیے کہ ان کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔

ڈاکٹر شہزاد اقبال نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت اور یونیسف کی معاونت سے پولیو کے خلاف جنگ اپنے آخری مراحل میں ہے، اور اب تھوڑی سی توجہ و تعاون سے پاکستان پولیو فری ممالک کی صف میں شامل ہو سکتا ہے۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو کے قطرے پلانے میں کسی قسم کی ہچکچاہٹ یا تاخیر نہ کریں۔ پولیو سے محفوظ بچپن ہی ایک صحت مند اور توانا قوم کی بنیاد رکھتا ہے۔