چیئرمین گوادرپورٹ نورالحق بلوچ کی قیادت میں پاکستانی وفد کی دوشنبہ انٹرنیشنل انویسٹمنٹ فورم میں شرکت

منگل 14 اکتوبر 2025 20:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) چیئرمین گوادرپورٹ نورالحق بلوچ کی قیادت میں پاکستانی وفد نے تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبہ میں جاری انٹرنیشنل انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کی۔ 14 سے 16 اکتوبر تک جاری رہنے والا تین روزہ فورم گوادر پورٹ کیلئے خطے میں تجارت و سرمایہ کاری کے نئے امکانات پیش کرنے کا اہم موقع ثابت ہوا۔

فورم میں عالمی سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات نے گوادر پورٹ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیااور اسے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک ) کے تحت ایک اسٹریٹجک گیٹ وے قرار دیا۔ شرکاء کو گوادر فری زونز میں سرمایہ کاری کے مواقع، 23 سالہ ٹیکس چھوٹ اور دیگر مراعات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین گوادر پورٹ نور الحق بلوچ نے گفتگو کے دوران کہا کہ گوادر کی جغرافیائی اہمیت، علاقائی رابطے کے فروغ اور وسطی ایشیائی ممالک کے لیے عالمی منڈیوں تک رسائی کے نئے راستے پر خصوصی توجہ دی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گوادر اب وعدے سے آگے بڑھ کر ایک حقیقت بن چکا ہے، جو مستقبل قریب میں خطے کا مرکزی لاجسٹک و تجارتی مرکز بننے کی سمت بڑھ رہا ہے۔ دوشنبہ فورم میں گوادر پورٹ کو حاصل مثبت پذیرائی، بندرگاہ کی بڑھتی ہوئی بین الاقوامی اہمیت اور پاکستان کے علاقائی معاشی انضمام کے وژن کی عملی جھلک قرار دی جا رہی ہے۔