قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس، پی ٹی وی کی آمدن کے اضافی ذرائع تلاش کرنے، ملازمین کے خلاف زیر التوا انکوائریاں جلد نمٹانے کی ہدایت

منگل 14 اکتوبر 2025 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات نے قومی نشریاتی ادارے (پی ٹی وی) کے انتظامی اور پیشہ وارانہ اخراجات پورے کرنے کے لئے آمدن کے اضافی ذرائع تلاش کرنے پر زور دیا ہے، وفاقی سیکرٹری اطلاعات ونشریات عنبرین جان نے اس ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات بارے اجلاس کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے وزارت پر زور دیا کہ اپنے ملازمین کے بقیہ مالی واجبات کی ادائیگی کے لئے حکومت سے گرانٹ کے حصول کی کوششیں تیز کرے۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین رکن قومی اسمبلی پلین بلوچ کی زیر صدارت منگل کو اسلام آباد میں پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا۔ قائمہ کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ موجودہ انتظامیہ نے کارپوریشن کو خود کفیل بنانے کے لئے انتظامی اور مالی اصلاحات کو مسلسل آگے بڑھایا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات عنبرین جان نے قائمہ کمیٹی کو آگاہ کیا کہ متعدد تجاویز پر کام کیا جا چکا ہے جن میں پی ٹی وی نیٹ ورک کی ڈیجیٹلائزیشن، اینکر پرسنز کی بھرتی اور متحرک مارکیٹنگ سٹریٹجی جیسے اقدامات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے موجودہ مالی سال کے دوران اخراجات پورے کرنے کے لئے 11 ارب روپے دیئے ہیں تاہم بقایا واجبات کو پورا کرنے کے لئے گرانٹ کی فراہمی کے حصول کی کوششیں جاری ہیں۔

انہوں نے مزید آگاہ کیا کہ پی ٹی وی سکرین کے حوالے سے بہتری لائی گئی ہے جس کے نتیجے میں پی ٹی وی کی ویورشپ میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے حال ہی میں پاکستان ٹی وی کی ٹرانسفارمیشن کے بارے میں بھی کمیٹی کو آگاہ کیا تاکہ پی ٹی وی دنیا بھر میں اپنی نشریات کے ذریعے ناظرین کی خبروں کی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان مخالف منفی پروپیگنڈے کا مقابلہ کرسکے ۔

قائمہ کمیٹی نے نامہ نگاروں اور میڈیا پروفیشنلز کے تحفظ (ترمیمی) بل 2025 پر بحث محرک کی عدم موجودگی کے باعث ملتوی کر دی اور اسے آئندہ اجلاس میں زیر بحث لانے کا فیصلہ کیا۔قائمہ کمیٹی نے وزارت کو پیمرا کے چیئرمین کی تعیناتی کا عمل جلد نمٹانے کی بھی ہدایت کی۔ کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ یہ عمل پہلے ہی شروع کر دیا گیا ہے اور حتمی منظوری کے لئے نام پارلیمانی کمیٹی کو بھجوائے جائیں گے تاکہ شارٹ لسٹ کردہ امیدواروں میں سے چیئرمین کا انتخاب کیا جا سکے۔

کمیٹی نے پی ٹی وی ملازمین کے خلاف زیر التوا انکوائریز کو بھی جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ قائمہ کمیٹی نے کراچی میں پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے پی ایس ڈی پی منصوبوں کے اجرا میں تاخیر پر غور کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی سید امین الحق کی سربراہی میں ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی تاکہ وہ ان منصوبوں کا جائزہ لے، ان سے وابستہ مسائل کا تعین کرے اور اپنی سفارشات مرکزی کمیٹی کو پیش کرے۔

ذیلی کمیٹی کو پی بی سی کی املاک کو آمدنی پیدا کرنے کے لیے استعمال کرنے کے بارے میں تجاویز دینے کی بھی ہدایت کی۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات ونشریات بیرسٹر دانیال چوہدری، اراکین قومی اسمبلی صلاح الدین جونیجو، رانا انصار، سحر کامران، شاہین، کرن حیدر، رومینہ خورشید عالم، آسیہ ناز تنولی،کرن عمران ڈار، وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اور متعلقہ محکموں کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔