پاکستان ٹینس فیڈریشن کی جانب سے اسلام آباد میں تین مسلسل آئی ٹی ایف جونیئر ٹینس چیمپئن شپ کا اعلان

بدھ 15 اکتوبر 2025 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) کو یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ تین باوقار آئی ٹی ایف پاکستان جونیئر انٹرنیشنل ٹینس چیمپئن شپ اسلام آباد کے پی ٹی ایف-ایس ڈی اے ٹینس کمپلیکس میں منعقد ہوں گی۔ یہ بین الاقوامی ٹورنامنٹس درج ذیل شیڈول کے مطابق مسلسل منعقد کیے جائیں گے، آئی ٹی ایف پاکستان انٹرنیشنل جونیئر ٹینس چیمپئن شپ 20 تا 25 اکتوبر 2025ء کو، آئی ٹی ایف پاکستان علی ایمبرائیڈری انٹرنیشنل جونیئر ٹینس چیمپئن شپ 27 اکتوبر تا 1 نومبر 2025ء کو اور آئی ٹی ایف پاکستان نیشنل فوڈز انٹرنیشنل جونیئر ٹینس چیمپئن شپ 3 تا 9 نومبر 2025ء کو ہوگی۔

دنیا بھر سے بڑی تعداد میں جونیئر کھلاڑیوں کی ان مقابلوں میں شرکت متوقع ہے۔

(جاری ہے)

ان کھلاڑیوں کا تعلق بنگلہ دیش، کینیڈا، چین، چیک ریپبلک، ڈنمارک، فرانس، ہانگ کانگ، ایران، جاپان، قازقستان، کوریا، لیتھوانیا، ملیشیا، مالدیپ، مراکش، نیپال، پولینڈ، روس، سعودی عرب، سنگاپور، تھائی لینڈ، ترکی، برطانیہ، امریکہ اور میزبان ملک پاکستان ہے۔

مقابلے لڑکوں اور لڑکیوں کے انڈر 18 سنگلز اور ڈبلز کیٹیگریز میں منعقد ہوں گے۔ کوالیفائنگ رائونڈز کا آغاز 18 اکتوبر 2025ء سے ہوگا جبکہ کھلاڑی 17 اکتوبر 2025ء کو ٹورنامنٹ ریفری کے پاس رجسٹریشن کروائیں گے۔ پہلے ٹورنامنٹ کے مرکزی مقابلوں کا آغاز 20 اکتوبر 2025ء سے ہوگا۔ یہ چیمپئن شپ سرکردہ سپانسرز کے تعاون سے ممکن ہو سکی ہے جن میں نیشنل فوڈز ، پاک عرب ریفائنری کمپنی (پارکو)، آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل)، کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)، علی ایمبرائیڈری ملز (پرائیویٹ) لمیٹڈ ہیں، ان اداروں کا تعاون پاکستان میں ٹینس کے فروغ اور ترقی کے عزم کا مظہر ہے۔

پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی اور سیکرٹری کرنل ضیاء الدین طفیل نے ایونٹ کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور کامیاب انعقاد کے لیے تمام شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا۔ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) نے تینوں ایونٹس کے لیے محمد عارف قریشی (آئی ٹی ایف وائٹ بیج آفیشل) کو بطور ٹورنامنٹ ریفری مقرر کیا ہے۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کی انتظامیہ دنیا بھر سے آنے والے کھلاڑیوں، آفیشلز اور مہمانوں کو اسلام آباد میں خوش آمدید کہنے کی منتظر ہے جہاں یہ ایونٹس بین الاقوامی سطح کے جونیئر ٹینس ٹیلنٹ کی بہترین عکاسی کریں گے۔