موسم سرما کیلئے ٹرینوں کے نئے شیڈول پرعملدرآمد شروع

جمعرات 16 اکتوبر 2025 17:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2025ء) پاکستان ریلوے کی جانب سے موسم سرما کے لیے ٹرینوں کے نئے شیڈول پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ،ٹرینوں کے نئے شیڈول میں 16ٹرینوں کی روانگی میں معمولی ردوبدل کیا گیا ہے۔شیڈول کے مطابق 3ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنز پر دیئے گئے اسٹاپ ختم کر دیئے گئے ہیں جبکہ بحال ہونے والی 4 ٹرینوں کو نئے شیڈول میں شامل کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

علامہ اقبال ایکسپریس ٹرین سیالکوٹ سے صبح 7بجے کے بجائے ساڑھے 7بجے اور نارووال پسنجر ٹرین صبح 7بجے کے بجائے 7بجکر 25منٹ پر روانہ ہوا کرے گی۔ فیض احمد فیض پسنجر ٹرین نارووال سے صبح ساڑھے 5بجے کے بجائے 5بجے روانہ ہوا کرے گی۔عوام ایکسپریس ٹرین کراچی سے صبح ساڑھے 7بجے کے بجائے 8بجے روانہ ہوا کرے گی جبکہ شالیمار ایکسپریس ٹرین لاہور سے صبح ساڑھے 7بجے کے بجائے 7 بجکر 10 منٹ پر روانہ ہوگی۔نئے شیڈول میں 9 ٹرینوں کو مختلف ریلوے اسٹیشنز پر دیے گئے عارضی اسٹاپ ختم کر کے ریگولر اسٹاپ دے دیے گئے ہیں۔مذکورہ ٹرینوں میں رحمان بابا ایکسپریس، کراچی ایکسپریس، شالیمار ایکسپریس، جعفر ایکسپریس، پاک بزنس ایکسپریس، پاکپتن ایکسپریس، تیز گام اور ملت ایکسپریس شامل ہیں۔