دونوں جماعتوں کا سیاسی اتحاد ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے نا گزیر ہے۔ ظہیراقبال چنڑ

جمعرات 16 اکتوبر 2025 21:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ظہیر اقبال چنڑ استحکام پاکستان پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ آئے،جہاں انہوں نے صدر استحکام پاکستان پارٹی پنجاب رانا نذیر احمد خان، صوبائی جنرل سیکرٹری و ممبر پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی سے ملاقات کی۔ملاقات میں صدر آئی پی پی وویمن ونگ پنجاب تسکین خاکوانی بھی موجودتھیں۔

آئی پی پی سیکرٹریٹ میں پارٹی رہنماوں کی جانب سے ڈپٹی سپیکر کا شاندار استقبال کیا گیا۔اس موقع پر ایم پی اے شعیب صدیقی نے معزز مہمان کو سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کو کامن ویلتھ پارلمینٹیرین آف دی ائیر ایوارڈ ملنے پر مبارکباد پیش کی۔ایم پی اے شعیب صدیقی کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر سپیکر پنجاب اسمبلی کی ایوارڈ کے ذریعے پذیرائی ہر رکن اسمبلی کیلئے باعث اعزاز ہے،جس سے پاکستان میں جمہوریت کو تقویت ملے گی اور ملک میں جمہوری نظام پر عوام کا اعتماد بڑھے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز کی سربراہی میں پنجاب حکومت ترقی کی منازل طے کر رہی ہے۔ وزیر اعلی پنجاب کی سربراہی میں زیر عمل عوامی منصوبوں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور ہر قدم پنجاب حکومت کے ساتھ ہیں۔ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے صدر آئی پی پی پنجاب رانا نذیر احمد خان کا کہنا تھا کہ جدید سوچ سے ہم آہنگ قیادت نے پنجاب کو حقیقی ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔

ان کی زیر نگرانی پنجاب میں ترقی کی مثالی رفتار دیگر صوبوں کیلئے بھی باعث تقلید ہے۔صدر استحکام پاکستان پارٹی شعبہ خواتین پنجاب تسکین خاکوانی نے بھی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب کو ستائشی کلمات سے نوازا۔ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز شریف نے بطور پہلی خاتون وزیر اعلی صوبائی سیاست پر گہرے نقوش چھوڑے ہیں۔ملاقات میں آئی پی پی رہنماوں نے وزیر اعلی مریم نواز کی ولولہ انگیز قیادت کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر معزز مہمان ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ظہیر اقبال چنڑ نے بھی وفاقی وزیر مواصلات و صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کی سیاسی خدمات کا اعتراف کیا اوردونوں جماعتوں کے سیاسی اتحاد کو ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے ناگزیر قرار دیا۔انہوں نے ملکی معیشت کی بحالی میں صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان کے کردار کو بھر پور خراج تحسین بھی پیش کیا۔