سوات ،قومی انسدادِ پولیو مہم ،وٹامن اے قطرے پلانے بارے تیسرے روز پولیو ایوننگ ریویو میٹنگ کا انعقاد

جمعرات 16 اکتوبر 2025 18:30

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2025ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)سوات محب اللہ خان یوسفزئی کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنر آفس سوات کے کانفرنس روم میں انسدادِ پولیو مہم اور وٹامن اے کے قطرے پلانے کے حوالے سے پولیو ایوننگ ریویو میٹنگ منعقد ہوئی۔میٹنگ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات محمد عمر، تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی جبکہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سوات، ای پی آئی کوآرڈینیٹر، این اسٹاپ آفیسر ڈاکٹر انور جمال، محکمہ صحت، پولیس، تعلیم، لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔

این اسٹاپ آفیسر ڈاکٹر انور جمال نے اجلاس کو مہم کی کوریج کی تفصیلی کارکردگی رپورٹ پیش کی جس میں مائیکرو پلان کے مطابق ٹیموں کی کارکردگی، سیکورٹی تعیناتی، فیلڈ چیلنجز اور بچوں کے کوریج ریٹ پر بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)محب اللہ خان یوسفزئی نے اجلاس کے شرکا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ پولیو کا خاتمہ قومی فریضہ ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ضلعی انتظامیہ اور تمام محکمے پوری ذمہ داری کے ساتھ کام کریں۔

انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ کل کے فائنل کیچ اپ ڈے کے دوران کوئی بھی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہ جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ میں موجود پولیو ورکرز کی حاضری، کوریج اور گھر گھر رسائی کو یقینی بنایا جائے جبکہ سکولوں اور مذہبی رہنماں کے ذریعے عوامی آگاہی مہم کو مزید مثر بنایا جائے تاکہ والدین اپنے بچوں کو پولیو سے بچا کے قطرے ضرور پلائیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) سوات نے پولیو ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سوات پولیو فری پاکستان کے ہدف کے حصول کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔اجلاس کے اختتام پر تمام محکموں کو ہدایت کی گئی کہ وہ مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت کل کے دن باقی تمام علاقوں کو کور کریں اور رہ جانے والے تمام بچوں کو پولیو ویکسین اور وٹامن اے کے قطرے ضرور پلائے۔