بھارتی جمہوریت کے چاروں ستون بدعنوان ہیں، گیتانجلی

جمعہ 17 اکتوبر 2025 17:08

نئی دلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے خطے لداخ سے تعلق رکھنے والے ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کی اہلیہ گیتانجلی انگمو نے بھارتی حکومت پر کڑی تنقید کرتے سوال کیا ہے کہ بھارت اپنے آپ کو ”وشوا گرو“(دنیا کی ایک بڑی طاقت )کیسے کہہ سکتا ہے جب کہ اس کی جمہوریت کے چاروں ستون ”بدعنوان “ہیں۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سونم وانگچک جنہیں بھارتی حکومت نے بھارتی راجستھان کی جودھ پور جیل میں قید کررکھا ہے ،کی اہلیہ نے سماجی رابطوں کی سائٹ ”ایکس “ پر ایک پوسٹ میں بھارت کی جمہوری اقدار پر سوال اٹھاتے ہوئے لکھا ”حیرت ہے کہ بھارت ایک وشو گرو کیسے بن سکتا ہے جب اس کے 4 ستون: پارلیمنٹ، بیوروکریسی، عدلیہ اور میڈیا بدعنوان، متعصب، نااہل اور اقدار سے محروم ہیں“۔

گیتا نجلی انگمو نے گزشتہ روز جودھ پور جیل میں اپنے شوہر سے ملاقات کی ہے ۔مودی حکومت نے سونم وانگچک کو لداخ خطے کے لوگوں کے حقوق کی آواز اٹھانے پر قید کر رکھا ہے ۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ لداخ خطے کے علاقے لیہہ میں مظاہرین پر بھارتی فورسز کی فائرنگ سے چار افراد کی جانیں چلی گئی تھیں جبکہ سو کے قریب زخمی ہو گئے تھے۔