مقبوضہ کشمیر، بھارتی فورسز نے محاصرے اورتلاشی کی کارروائیاں تیز کر دیں

جمعہ 17 اکتوبر 2025 22:33

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فورسز نے مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں اور پیرا ملٹری اہلکاروں نے وادی کشمیر اور جموں خطے میں کنٹرول لائن کے ساتھ واقع مختلف دیہات میں بڑے پیمانے پر نگرانی اور تلاشی کا عمل شروع کر دیا ہے۔

گریز، اوڑی، کرناہ،ٹنگڈار، دودھ پتری، سندربنی اور دیگر علاقوں میں بھارتی فوجیوں کی تعیناتی میں اضافہ کیا گیا ہے جبکہ کنٹرول لائن پر نئے بنکر بھی تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ بھارتی فورسز نے ضلع ادھم پور کے کئی علاقوں میں آج دوسرے دن روز بھی تلاشی آپریشن جاری رکھا ۔ فورسز اہلکاروںنے ضلع بڈگام کے علاقے بدھرن سے تلاشی آپریشن کے دوران دو کشمیری نوجوانوں مزمل احمد بٹ اور امتیاز احمد ڈار کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموںوکشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو برقراررکھنے کیلئے علاقے کی مکمل طورپر ایک فوجی چھائونی میں تبدیل کر دیا ہے۔ انہوںنے بھارتی فورسز کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی قبضے میں کشمیری کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ نہتے کشمیریوں پر جاری بھارتی ظلم وستم کا نوٹس لے اور تنازعہ کشمیرکے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے جو جنوبی ایشیا میں پائیدار امن وترقی کی راہ میں بنیادی رکاوٹ ہے۔مقبوضہ جموں و کشمیرکے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھارتی حکومت زور دیا ہے کہ وہ جموں وکشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی کا اپنا وعدہ پورا کریں۔

عمرعبداللہ نے اپنی حکومت کا ایک برس مکمل ہونے پر سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کو امید تھی کہ انکی حکومت کے پہلے سال میں جموںوکشمیر کی ریاستی حیثیت بحال کی جائے گی تاہم ایسانہیں کیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت ریاستی حیثیت کی بحالی کے حوالے سے سپریم کورٹ اور پارلیمنٹ میں کشمیری عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرے۔

لداخ خطے میں لیہہ اپیکس باڈی نے بھارتی فورسز کی فائرنگ سے گزشتہ ماہ کی 24تاریخ کو ہلاک ہونے والے چار پر امن مظاہرین کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کل لداخ میں پر امن مارچ کی کال دی ہے۔لیہہ اپیکس باڈی نے ایک بیان میں کہاہے کہ احتجاج کا مقصد تمام نظربند کشمیری نوجوانوں کی رہائی کیلئے بھی بھارتی حکومت پر دبائو بڑھانا ہے ۔