بھارتی ریاست آسام حملے میں تین بھارتی فوجی زخمی

جمعہ 17 اکتوبر 2025 21:30

دسپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) بی جے پی کے زیر اقتداربھارتی ریاست آسام میں ایک حملے میں تین فوجی زخمی ہو گئے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حملہ آوروں نے آج صبح سویرے ضلع تینسوکیا کے علاقے کاکوپتھر میں بھارتی فوج کے ایک کیمپ پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تین فوجی زخمی ہوگئے۔حملہ آور ایک گاڑی میں سوار تھے ۔بھارتی فورسز نے واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لیکر تلاشی کی کارروائی شروع کر دی۔

(جاری ہے)

فورسز اہلکاروں نے تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک ٹرک برآمد کیا ۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حملہ آوروں نے کارروائی کیلئے یہی ٹرک استعمال کیا ہے۔ یہ ٹرک ریاست اروناچل پردیش کی سرحد کے قریب ٹینگاپانی کے علاقے سے برآمد کیا گیا۔گوکہ حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے، تاہم بھارتی سکیورٹی ایجنسیوں نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ یہ کارروائی یونائیٹڈ لبریشن فرنٹ آف آسام (یو ایل ایف اے ) نے کی ہو گی ۔یہ تنظیم آسام کی بھارت سے علیحدگی کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔