Live Updates

پی سی بی کا سہ فریقی ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز کے شیڈول کا اعلان،سیریز 17 سے 29 نومبر تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی

ہفتہ 18 اکتوبر 2025 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2025ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے زمبابوے کرکٹ ٹیم کو دی گئی دعوت قبول کرلی گئی ہے، جس کے بعد زمبابوے پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی سہ فریقی سیریز میں شرکت کرے گا، اس سیریز میں سری لنکا بھی بطور تیسری ٹیم شامل ہوگا۔پی سی بی اعلامیہ کے مطابق سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز 17 سے 29 نومبر تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔

(جاری ہے)

پاکستان کی سرزمین پر ہونے والی یہ پہلی سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز ہوگی، جسے آئندہ سال بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری کے طور پر منعقد کیا جا رہا ہے۔سیریز کا آغاز 17 نومبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں میزبان پاکستان اور زمبابوے کے درمیان میچ سے ہوگا، جبکہ دوسرا میچ 19 نومبر کو سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان اسی میدان میں کھیلا جائے گا۔ابتدائی دو میچوں کے بعد ایونٹ کی کارروائی قذافی اسٹیڈیم لاہور منتقل ہو جائے گی، جہاں باقی پانچ میچز بشمول 29 نومبر کے فائنل کے منعقد ہوں گے۔پی سی بی ترجمان کے مطابق افغانستان نے سہ فریقی ٹورنامنٹ میں شرکت سے معذرت کر لی ہے۔
Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات