Live Updates

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم

اتوار 19 اکتوبر 2025 12:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیز فائر معاہدہ علاقائی استحکام کی جانب اہم پیش رفت ہے،پاکستان ہمیشہ پرامن بقائے باہمی، مذاکرات اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ احترام پر یقین رکھتا ہے۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ امن اور استحکام دونوں ممالک کے عوام کی اجتماعی ضرورت ہے، خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے اقدامات قابلِ تحسین ہیں،پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بھاری قیمت چکائی ہے۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان نے ہمسایہ ملک افغانستان کے 45 لاکھ پناہ گزینوں کی خدمت کی ہے،پاکستان نے افغان مہاجرین کی خدمت کر کے ہمسائیگی کی لازوال داستان رقم کی ہے۔

(جاری ہے)

سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان گزشتہ تین دہائیوں سے دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے، پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 90ہزار سے زائد قیمتی جانوں کا نذرانہ دیا ہے۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ افغانستان میں امن، پاکستان کے امن سے جُڑا ہوا ہے،سیاسی اور عسکری قیادت کے اتفاقِ رائے سے ممکن ہونے والی جنگ بندی خوش آئند ہے۔

سپیکر نے استنبول میں 25 اکتوبر کو ہونے والے مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مذاکراتی عمل ہی خطے میں دیرپا امن کے قیام کی واحد ضمانت ہے، پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں بہتری پورے خطے کے مفاد میں ہے۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے دونوں ممالک کے مابین اعتماد سازی اور تعاون کے عمل کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا،دہشتگردی کے خاتمے اور امن کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے توقع ظاہر کی کہ یہ جنگ بندی طویل المدتی امن معاہدے میں تبدیل ہوگی،دونوں ممالک کو عوامی رابطوں اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینا چاہیے،پارلیمنٹ خطے میں امن کے فروغ کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔سپیکر سردار ایاز صادق نے پاکستان اور افغانستان کے مابین جنگ بندی معاہدے کیلئے برادر ملک قطر، ترکیہ اور دیگر دوست ممالک کے مثبت کردار کا شکریہ کیا۔
Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات