جنگ بندی کی خلاف ورزی ہم نے نہیں بلکہ اسرائیل کررہا ہے،حماس کا امریکی الزامات پر ردعمل

امریکہ اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوںکو روکنے کے لیے عملی اقدامات کرے،بیان

اتوار 19 اکتوبر 2025 14:10

واشنگٹن /غزہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2025ء) حماس نے امریکی محکمہ خارجہ کے اس بیان کو مسترد کر دیا ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ قابلِ اعتماد اطلاعات کے مطابق حماس جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ میں فلسطینی شہریوں پر حملہ کر سکتی ہے۔اتوار کو جاری کردہ اپنے بیان میں حماس نے ان الزامات کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ امریکی محکمہ خارجہ کے بیان میں کیے گئے تمام دعوں کو مسترد کرتی ہے۔

حماس نے مزید کہا کہ حماس پر حملے یا جنگ بندی کی خلاف ورزی کے تمام الزامات جھوٹ ہیں۔ اس نے دعوی کیا کہ یہ بے بنیاد باتیں مکمل طور پر اسرائیلی گمراہ کن پروپیگنڈے سے ہم آہنگ ہیں۔حماس کے مطابق زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں، کیونکہ اسرائیل نے خود ہی ایسے مجرمانہ گروہوں کو تشکیل دیا، انہیں اسلحہ فراہم کیا اور مالی مدد دی، جنہوں نے فلسطینی شہریوں کے قتل، اغوا، امدادی قافلوں سے سامان لوٹنے اور دیگر مجرمانہ کارروائیوں میں حصہ لیا۔

(جاری ہے)

اسرائیلی میڈیا اور ویڈیوز نے خود ان جرائم کا اعتراف کیا ہے، جو اسرائیل کے اس فتنہ انگیز کردار کو بے نقاب کرتا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ غزہ کی پولیس نے ان مجرم گروہوں کا پیچھا کیا اور ان کے خلاف واضح قانونی طریقہ کار کے مطابق کارروائی کی ہے۔حماس نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں، بالخصوص ان گروہوں کی پشت پناہی کو روکنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔