سید ابو حریرہ شاہ کی صوبائی سیکرٹری کھیل درّہ بلوچ اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بلوچستان یاسر خان بازئی سے ملاقات

اتوار 19 اکتوبر 2025 17:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2025ء) بین الاقوامی تائیکوانڈو ایتھلیٹ اور میٹرکس پاکستان کے گلوبل ایمبیسیڈر سید ابو حریرہ شاہ نے بلوچستان سیکرٹریٹ کے دورے کے دوران صوبائی سیکرٹری کھیل درّہ بلوچ اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس یاسر خان بازئی سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران حکام نے ابو حریرہ شاہ کی شاندار کامیابیوں، لگن اور مارشل آرٹس کے لیے جذبے کی تعریف کی۔

انہوں نے صوبے بھر میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کے فروغ اور مارشل آرٹس کے فروغ کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے سید ابو حریرہ شاہ نے صوبائی کھیلوں کے حکام کی حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کا اعتراف کھلاڑیوں کو مزید محنت کرنے اور بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کا پرچم بلند کرنے کی تحریک دیتا ہے۔ملاقات میں نوجوان ایتھلیٹس اور مارشل آرٹس میں سرمایہ کاری کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ حکام نے اس بات پر زور دیا کہ کھیل نوجوانوں کی توانائی کو مثبت سمت میں آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ توقع ہے کہ یہ اشتراک عمل بلوچستان میں ابھرتی ہوئی صلاحیتوں کیلئے مزید مواقع کو مضبوط کرے گا۔