لاہور سمارٹ سٹی پولو ان پنک کپ کل شروع ہوگا،سولہ ٹیمیں شرکت کریں گی

اتوار 19 اکتوبر 2025 18:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2025ء) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام سال کا پہلا بڑا ایونٹ لاہور سمارٹ سٹی پولو ان پنک کپ کل بروز پیر سے شروع ہوگا۔ اس بات کا اعلان پریس کانفرنس میں کیا گیا جس میں کلب کے صدر ملک اعظم نون، عمر آفتاب پنک ربن پاکستان، عمران زاہد سی ای او لاہور سمارٹ سٹی، ذیشان قریشی ایچ آر ایل، فرخ قریشی ڈائریکٹر مارکیٹنگ کیپٹل سمارٹ موٹرز، ایگزیکٹو کمیٹی ممبر لاہور پولو کلب راجہ عامر خان اور احمد نواز ٹوانہ، سیکرٹری کلب میجر امجد (ر) اور 16 لیڈیز کھلاڑی موجود تھیں۔

لاہور پولو کلب کے صدر ملک اعظم حیات نون کا کہنا تھا کہ یہ خواتین میں چھاتی کے کینسر سے آگاہی مہم کا حصہ ہے،سولہ ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہر ٹیم میں ایک خاتون کھلاڑی بھی شامل ہے۔ پاکستان،لبنان، انگلینڈ، امریکہ اور میکسیکو کی خواتین ایونٹ میں کھیل رہی ہیں۔ سپانسر عمران زاہد سی ای او لاہور سمارٹ سٹی نے کہا کہ ان کا ادارہ ہر سال اس ٹورنامنٹ کو سپانسر کرتا ہے جس میں دنیا بھر سے کھلاڑی شرکت کرتے ہیں ایونٹ کا پورا سال لوگوں کو انتظار رہتا ہے۔

ذیشان قریشی نے کہا کہ زندہ دلان لاہور کو بہترین پولو دیکھنے کو ملے گی۔ پول اے میں ذکی فارمز کی ٹیم جس میں پاکستانی فی میل صوفیہ دینہ علی خان، ریجاس /دین، میں امریکی کھلاڑی ایلیزا گرٹی، سی کیو گولڈ میں لبنان سے ناداگریب، گارڈ گروپ کی ٹیم میں پاکستانی داریا دولا علی خان، چکر وینجرز میں انگلینڈ کی سارہ گرور،بلیک ہارس پینٹس میں انگلینڈ کی اولیما لمبی،سامبا بینک میں ہالینڈ کی مرنیڈی ہبن شامل ہیں۔

پول بی کی ٹیموں میں نورپور بندوبست میں کرسٹینا نکولے انگلینڈ، دی ٹان ہال کی ٹیم میں میکسکو کی پاولا گربے، لاہور سمارٹ سٹی میں پاکستان کی ذارا شاہ، اے او ایس میں پاکستانی فاطمہ مظہر، پلاٹینم ہومز میں جیڈ ویلر انگلینڈ، ڈائمنڈ پینٹس میں رابیل حسین پاکستان، ماسٹر پینٹس میں اومیلیا گربے میکسیکو، ہارون شریف جیولرز میں مانم فیصل پاکستان شامل ہیں۔پیر کو تین میچز ہوں گے جبکہ روزانہ چار میچز کھیلے جائیں گے۔