Live Updates

پاکستان ہمسایہ ممالک سے برادرانہ تعلقات اور علاقائی تعاون کیلئے پرعزم ہے،قیصر احمد شیخ

اتوار 19 اکتوبر 2025 21:10

چنیوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ سے اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ برادرانہ تعلقات کے قیام اور خطے میں پائیدار امن کے لیے سنجیدہ کوششیں کرتا رہا ہے، ہم نے گزشتہ چالیس برسوں کے دوران افغانستان کے لاکھوں پناہ گزینوں کی میزبانی کی، مشکل حالات میں ان کی مدد کی اور آج ہم توقع کرتے ہیں کہ افغانستان بھی ایک اچھے ہمسائے کے طور پر دہشت گرد تنظیموں کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے، جن میں دوست ممالک سعودی عرب اور قطر بھی ثالثی کردار ادا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے اس امید کا اظہار کیا کہ تمام معاملات باہمی افہام و تفہیم اور اسلامی بھائی چارے کے جذبے کے تحت خوش اسلوبی سے طے پا جائیں گے۔ قیصر احمد شیخ نے کہا کہ موجودہ دور میں پاکستان کا عالمی امیج پہلے سے کہیں زیادہ بہتر ہوا ہے۔

حالیہ دنوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ مسلم دنیا میں ایک تاریخی پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس نے پاکستان کے وقار اور اعتماد میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے ایک بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مشترکہ طور پر بحالی کے منصوبوں پر کام کر رہی ہیں جبکہ ترقی پذیر ملک ہونے کے باوجود وفاقی حکومت نے متاثرین کی مدد کے لیے خطیر فنڈز مختص کیے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان انسانی ہمدردی، علاقائی تعاون اور پائیدار ترقی کے اصولوں پر کاربند رہے گا۔
Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات