قلیل عرصہ کے دوران 164000 افراد کا خود کو سول ڈیفنس کی آن لائن پورٹل پر رجسٹر کروانا انتہائی خوش آئند ہے‘سلمان رفیق

پیر 20 اکتوبر 2025 21:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2025ء) سول ڈیفنس رضاکاروں کیلئے بطور ماسٹر ٹرینرز بیسک لائف سپورٹ تربیت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں سول ڈیفنس لاہور کی جانب سے والنٹیئرز ٹریننگ پروگرامز کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق اور صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا، پرنسپل سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پروفیسر زوہرہ خانم، ایم ایس سروسز ہسپتال لاہور ڈاکٹر عابد محمود غوری، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ داخلہ عاصمہ اعجاز چیمہ، اے ڈی سی جی حافظ مدثر، ڈائریکٹر سول ڈیفنس تسنیم علی خاں اور شرکاکی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر سلمان رفیق نے ٹریننگ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے رضاکاروں میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔

سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں رضاکاروں کو قدرتی آفت، حادثات یا بیماری کی صورت میں انسانی جان بچانے کیلئے بنیادی تربیت دی جا رہی ہے۔ صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 65 کی پاک بھارت جنگ کے دوران والد نے لاہور میں بطور چیف وارڈن خدمات سر انجام دیں۔

انتہائی عمدہ تقریب کے انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہتا ہوں۔ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب کو بہاولپور پہنچا جہاں بھارت کی جانب سے معصوم بچوں اور عورتوں کو دہشگردی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ تب فوری طور پر سول ڈیفنس کو آرگنائز کرنے کی ہدایت کی گئی۔ سول ڈیفنس کا کوئی پرسانِ حال نہیں تھا۔ سول ڈیفنس کو آرگنائز کرنے کیلئے نور الامین مینگل، ڈاکٹر احمد جاوید قاضی اور محکمہ داخلہ کے افسران کو کریڈٹ دینا چاہتا ہوں۔

آج سے بارہ سال قبل میاں شہباز شریف کے دور حکومت میں سی پی ایس پی کے ساتھ سول ڈیفنس کا پروگرام شروع کروایا تھا اور فنڈنگ بھی کروائی تھی۔ سیلاب کے دوران تمام متعلقہ محکمہ جات نے بے مثال خدمات سر انجام دی ہیں۔ قلیل عرصہ کے دوران 164000 افراد کا اپنے آپ کو سول ڈیفنس کی آن لائن پورٹل پر رجسٹر کروانا انتہائی خوش آئند ہے۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج اس امر کی اشد ضرورت ہے کہ سول ڈیفنس کو منظم کیا جائے۔

پاکستان نے بھارت کو جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا تھا۔ آج میں بھی اپنے آپ کو بطور ایک رضاکار رجسٹر کرواتا ہوں۔ ڈائریکٹر سول ڈیفنس سمیت تمام ذمہ داران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پرنسپل سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پروفیسر زوہرہ خانم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں رضاکاروں کو دل کے مریضوں کو ایمرجنسی سپورٹ دینے کی تربیت دی گئی۔

ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ داخلہ عاصمہ اعجاز چیمہ نے اس موقع پر کہا ہے کہ انسانی جان بچانا نہایت قیمتی عمل ہے جس کیلئے رضاکاروں کو تیار کر رہے ہیں۔ جنگی حالات، سیلاب سے متاثرہ علاقے یا سموگ کا مقابلہ کرنے کیلئے سول ڈیفنس رضاکار ہر دم تیار ہیں۔ ڈائریکٹر سول ڈیفنس تسنیم علی خاں نے اس موقع پر کہا ہے کہ صرف 40 دنوں میں 1 لاکھ 64 ہزار رضاکاروں نے آن لائن رجسٹریشن کروائی۔ شہری بطور رضاکار سول ڈیفنس کا حصہ بننے کیلئے آن لائن پورٹل VCD.HOME.GOP.PK پر رجسٹریشن کریں۔ شہری اپنی صلاحیت و قابلیت کے مطابق کسی بھی میدان میں خدمات کی فراہمی کیلئے رضاکار بن سکتے ہیں۔