روسی صدر اور امریکی ہم منصب کے ساتھ بداپسٹ سمٹ میں شرکت کے لئے تیار ہوں،یوکرینی صدر

منگل 21 اکتوبر 2025 11:00

کیف (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2025ء) یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ اگر انہیں دعوت دی جاتی ہے تو وہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ہنگری میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کے لئے تیار ہیں۔ اردو نیوز کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر مجھے بداپسٹ ااجلاس میں مدعو کیا جاتا ہے، اگر یہ ایسی دعوت ہے جس میں ہم تینوں ایک ساتھ ملاقات کرتے ہیں، یا جیسا کہ اسے شٹل ڈپلومیسی کہا جاتا ہے، یعنی صدر ٹرمپ الگ الگ روسی صدر اور مجھ سے ملتے ہیں، تو ہم کسی نہ کسی فارمیٹ میں اتفاق کر لیں گے۔

یوکرینی صدر نے اجلاس کے مقام کے انتخاب پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہنگری اور یوکرین درمیان تعلقات کشیدہ ہیں اور یورپی یونین کے اندر ہنگری کی حکومت ماسکو کی سب سے ہمدرد حکومت سمجھی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہنگری کے وزیرِاعظم وکٹر اوربان کے حوالے سے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ ایک ایسا وزیرِاعظم جو ہر موقع پر یوکرین کی راہ میں رکاوٹ بنتا ہے، یوکرینی عوام کے لیے کچھ مثبت کر سکتا ہے یا متوازن کردار ادا کر سکتا ہے۔

یوکرینی صدر نے کہا کہ ایک اور بداپسٹ جیسا منظرنامہ ہمارے لئے مثبت ثابت نہیں ہوگا۔ 1994 میں روس نے بداپسٹ میں ایک یادداشت پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت سوویت دور کے جوہری ہتھیاروں سے دستبرداری کے بدلے یوکرین، بیلاروس اور قازقستان کو سلامتی کی ضمانت دی گئی تھی۔