تیزرفتار گاڑی سے 2 لڑکیوں کو کچلنے کا کیس؛ ملزم کا ڈرائیونگ کے دوران سنیپ چیٹ ویڈیو بنانے کا انکشاف

وقوعے سے قبل ڈرائیور سنیپ چیٹ ویڈیو بنا رہا تھا لیکن حادثے کے بعد اس نے اپنا موبائل کہیں پھینک دیا؛ پولیس کا عدالت میں بیان

Sajid Ali ساجد علی منگل 2 دسمبر 2025 14:45

تیزرفتار گاڑی سے 2 لڑکیوں کو کچلنے کا کیس؛ ملزم کا ڈرائیونگ کے دوران ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 دسمبر2025ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تیزرفتار گاڑی سے 2 جوان لڑکیوں کو کچلنے کے کیس میں ملزم کا ڈرائیونگ کے وقت سنیپ چیٹ ویڈیو بنانے کا انکشاف ہوا ہے، عدالت نے ملزم ابو ذر کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا اور ملزم کو 4 روز کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق اسلام آباد میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں سیکریٹریٹ چوک میٹرو سٹیشن کے قریب تیز رفتار V8 گاڑی نے سکوٹی کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں سکوٹی پر سوار 2 لڑکیاں جاں بحق ہوگئیں، گاڑی کی رفتار حد سے زیادہ تھی جس کی وجہ سے ڈرائیور کا قابو گاڑی پر نہ رہا اورحادثہ پیش آگیا جس کے بعد دونوں خواتین کو پمز ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکیں اور شدید زخموں کے باعث زیادہ خون بہنے کی وجہ سے ان کا انتقال ہوگیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ واقعے کا مقدمہ تھانہ سیکریٹریٹ میں درج کیا گیا ، حادثے کے فوراً بعد پولیس نے کم عمر ڈرائیور ابوذر کو گرفتار کر لیا اور گاڑی کو بھی قبضے میں لے لیا، پولیس نے بتایا ہے کہ وقوعے سے قبل ڈرائیور سنیپ چیٹ ویڈیو بنا رہا تھا لیکن حادثے کے بعد اس نے اپنا موبائل کہیں پھینک دیا، حادثے میں ملوث نوجوان کے کم عمر ہونے کی اطلاعات ہیں تاہم ڈرائیور نے کہا ہے کہ وہ بالغ اور لائسنس یافتہ ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ پولیس نے گرفتار ڈرائیور کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے 7 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی اور کہا کہ ملزم نے لاپرواہی، غفلت اور تیز رفتار گاڑی چلاتے ہوئے 2 نوجوان لڑکیوں کی سکوٹی کو ٹکر ماری، ملزم کے پاس شناختی کارڈ اور ڈرائیونگ لائسنس موجود نہیں، اس نے موبائل بھی پھینک دیا تھا جس میں حادثے سے قبل بنائی گئی ویڈیو ہے، پھر یہ بھی تعین کرنا ہے کہ وقوعہ کے وقت ملزم اکیلا تھا یا اس کے ساتھ کوئی اور بھی سوار تھا، ملزم کی عمر کے تعین کے لیے میڈیکل ٹیسٹ بھی کرانا ہے لہذا جسمانی ریمانڈ کی منظوری دی جائے۔