کیش لیس اکانومی کے تحت پاکستان میں ڈیجیٹل لین دین میں نمایاں اضافہ

جمعرات 10 ستمبر 2026 17:18

کیش لیس اکانومی کے تحت پاکستان میں ڈیجیٹل لین دین میں نمایاں اضافہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2026ء) وزیراعظم شہباز شریف کے کیش لیس اکانومی کے ایجنڈے کے تحت پاکستان میں ڈیجیٹل لین دین میں نمایاں اضافہ ہوا ہے،تفصیلات کے مطابق ڈیجیٹل لین دین کرنے والوں کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کر گئی،وزیر مملکت خزانہ اور ریلوے بلال اظہر کیانی کی بل گیٹس فانڈیشن کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی کیش لیس اکانومی کے ایجنڈے کے تحت پاکستان میں ڈیجیٹل لین دین میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور ڈیجیٹل لین دین کرنے والوں کی تعداد 5 لاکھ سے بڑھ کر 20 لاکھ سے زائد ہو گئی ہے جس سے جون 2026 تک کے لیے طے کردہ ہدف حاصل کر لیا ہے جبکہ اس تعداد میں مزید اضافہ کے ہدف کو بھی حکومت پورا کریگی۔

وہ عالمی تنظیم گیٹس فانڈیشن کے اعلی سطحی وفد سے گفتگو کر رہے تھے جس نے فائونڈیشن کے صنفی مساوات ڈویژن کی صدر ڈاکٹر انیتا زیدی کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وفد میں گلوبل پالیسی اینڈ ایڈووکیسی ڈویژن کی قائم مقام صدر ڈاکٹر کلپنا کوچہر اور دیگر اعلی عہدیدار شامل تھے۔ ملاقات میں پاکستان میں ڈیجیٹل تبدیلی، معاشی اصلاحات کے ایجنڈے اور کیش لیس اکانومی پر پیش رفت جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہاکہ راست کیو آر کے فروغ کے لیے حکومت کی ساڑھے تین ارب روپے کی سبسڈی نے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کا استعمال کرنے والے افراد کی تعداد میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی ڈاکومینٹیشن، مالیاتی نظام میں زیادہ سے زیادہ عوام کو شامل کرنے اور سرکاری ادائیگیوں کی شفافیت میں اضافے کے ساتھ کارکردگی بڑھانے کے لیے حکومتی اصلاحات تیزی سے جاری ہیں جن کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ وفد نے حکومتی اصلاحاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے گیٹس فانڈیشن کی جانب سے کیش لیس پاکستان اور وسیع تر معاشی اصلاحاتی ایجنڈے کی حمایت جاری رکھنے اور تعاون مزید بڑھانے کا یقین دلایا گیا۔