ملکی ڈیجیٹل معیشت نے نمایاں پیش رفت ،نئی تاریخ رقم

ہفتہ 20 دسمبر 2025 17:50

ملکی ڈیجیٹل معیشت نے نمایاں پیش رفت ،نئی تاریخ رقم
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 دسمبر2025ء) پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت نے نمایاں پیش رفت کرتے ہوئے نئی تاریخ رقم کر دی ہے، جہاں آئی ٹی برآمدات میں مسلسل اضافے کے باعث ملک خطے کی ایک ابھرتی ہوئی ڈیجیٹل پاور کے طور پر سامنے آ رہا ہے۔ مؤثر پالیسیوں اور سازگار حکومتی اقدامات کے نتیجے میں ڈیجیٹل شعبہ ملکی ترقی کے سنہرے دور میں داخل ہو چکا ہے۔

ذرائع کے مطابق اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل کی معاونت اور رہنمائی سے پاکستان کی آئی ٹی برآمدات تیزی سے وسعت اختیار کر رہی ہیں۔ رواں مالی سال کے ابتدائی پانچ ماہ میں ہی آئی ٹی برآمدات میں 19 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو اس شعبے میں غیر معمولی اعتماد اور ترقی کا مظہر ہے۔ جولائی تا نومبر 2025 کے دوران آئی ٹی برآمدات کا مجموعی حجم 1.8 بلین ڈالر تک پہنچ گیا۔

(جاری ہے)

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق نومبر 2025 میں آئی ٹی برآمدات کا حجم 356 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا، جو پاکستانی ٹیکنالوجی انڈسٹری کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں اور عالمی منڈیوں میں اس کی مضبوط موجودگی کو ظاہر کرتا ہے۔ آئی ٹی سیکٹر نہ صرف قیمتی زرمبادلہ کے حصول کا اہم ذریعہ بن رہا ہے بلکہ روزگار کے مواقع، جدت اور ڈیجیٹل خودمختاری کی جانب بھی ایک انقلابی پیش رفت ثابت ہو رہا ہے۔ماہرین کے مطابق آئی ٹی برآمدات میں یہ اضافہ معاشی استحکام، عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد اور پاکستان کی مثبت و بااعتماد عالمی شناخت کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، جو مستقبل میں ملکی معیشت کے لیے خوش آئند ثابت ہوگا۔