قازقستان کا پاکستان سے 50ہزار ٹن آلو منگوانے کا ارادہ

آلو کی برآمد کے لیے اپریل سے جون 2026 تک کی ٹائم لائن طے کر لی گئی

جمعرات 5 فروری 2026 20:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 فروری2026ء) قازقستان نے پاکستان سے 50 ہزار ٹن آلو درآمد کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔وزارتِ تجارت کے مطابق یہ پیشرفت وزیراعظم شہباز شریف اور قازقستان کے صدر کے درمیان حالیہ گفتگو کے بعد سامنے آئی ہے۔وزارت تجارت نے بتایا ہے کہ آلو کی برآمد کے لیے اپریل سے جون 2026 تک کی ٹائم لائن طے کر لی گئی ہے جس کے تحت پاکستانی برآمد کنندگان قازقستانی درآمد کنندگان کو معیاری آلو کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق اس مقصد کے لیے دونوں ممالک کے متعلقہ حکام کے درمیان تکنیکی اور تجارتی امور پر مشاورت بھی مکمل کر لی گئی ہے تاکہ برآمدی عمل کو موثر اور بروقت بنایا جا سکے۔وزارت تجارت کے مطابق پاکستان کے زرعی شعبے بالخصوص آلو کی پیداوار میں برآمدی استعداد موجود ہے جبکہ قازقستان کی جانب سے بڑی مقدار میں آلو درآمد کرنے میں دلچسپی پاکستانی کسانوں اور برآمدی شعبے کے لیے خوش آئند پیشرفت ہے۔وزارت کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف زرعی برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ کسانوں کی آمدنی اور ملکی معیشت کو بھی تقویت ملے گی۔