صدر آصف زرداری کی پاکستانی عوام کی جانب سے چینی عوام کو سپرنگ فیسٹیول کی مبارکباد ،نیک تمنائوں کا اظہار

ہفتہ 14 فروری 2026 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2026ء) صدر مملکت آصف علی زرداری نے آئندہ چینی نئے سال سے قبل پاکستانی عوام کی جانب سے چینی عوام کوسپرنگ فیسٹیول کی مبارکباد دی اور نیک تمناں کا اظہار کیا ہے۔ ایوانِ صدر میں چینی میڈیا کو دیئے گئے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران انہوں نے چینی زبان میں نیا سال مبارک ہو! کا پیغام دیا۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنائیں گے اور پاک چین دوستی کو نسل در نسل آگے بڑھایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان عوامی روابط اور ثقافتی تبادلوں کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں مزید پاکستانی فلمیں چین میں ریلیز ہوں گی اور پاکستانی و چینی فنکاروں کی مشترکہ کاوشوں سے تیار کردہ معیاری تخلیقات دونوں ممالک کے ناظرین کے لیے پیش کی جائیں گی۔صدر مملکت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نوجوان پاک چین دوطرفہ تعلقات کا مستقبل ہیں ،انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان طلبہ کے تبادلہ پروگراموں میں اضافے پر خوشی کا اظہار کیا۔