تنظیماتِ اہلِسنت پاکستان کے زیراہتمام سیدہ فاطمة الزہرا سلام اللہ علیہا کا یومِ وفات عقیدت و احترام سے منایا گیا

ہفتہ 21 فروری 2026 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2026ء) تنظیماتِ اہلِسنت پاکستان کے زیراہتمام خاتون جنت حضرت فاطمة الزہرا سلام اللہ علیہا کا یومِ وصال ہفتہ کے روز صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا گیا۔اس سلسلے میں مختلف شہروں میں خاتونِ جنت کانفرنسوں کا انعقاد کیا گیا جبکہ قرآن خوانی اور دعائیہ محافل کا بھی اہتمام کیا گیا۔

سابق وفاقی وزیر اور تنظیماتِ اہلِسنت پاکستان کے مرکزی امیر صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی ، سجادہ نشین پیر میاں عبدالخالق القادری بھرچونڈی شریف،جمعیت علما پاکستان (نورانی) اور ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر،سابق ممبر قومی اسمبلی اور آستانہ عالیہ شرقپور شریف کے سجادہ نشین صاحبزادہ پیر میاں جلیل احمد شرقپوری،پاکستان سنی تحریک کے چیئرمین ثروت اعجاز قادری،تنظیماتِ اہلِسنت پاکستان کے کوآرڈینیٹر پیر زادہ امین قادری مانکی شریف،انجمنِ طلبہ اسلام کے مرکزی صدر فیصل قیوم ماگرے،تنظیماتِ اہلِسنت پاکستان کے مرکزی ترجمان محمد اکرم اور وفاق المدارس الاسلامیہ الرضویہ کے سربراہ مفتی محمد کریم خان نے مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم خواتین سیدہ فاطمةالزہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت و کردار کو مشعلِ راہ بنائیں اور دخترانِ اسلام آپ کے اسوہ حسنہ سے رہنمائی حاصل کریں۔

(جاری ہے)

آپ کو خاتونِ جنت کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دخترانِ اسلام سیدہ فاطمہ کو اپنا آئیڈیل بنا کر اپنی زندگیاں سنوار لیں۔ آپ کی حیاتِ مبارکہ ہمیں والدین کی اطاعت اور خدمت کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمة الزہرا سلام اللہ علیہا کا اسلامی تاریخ میں کردار عزیمت اور استقامت کی روشن مثال ہے۔ نوجوان نسل کو آپ کی سیرت سے عملی سبق حاصل کرنا چاہیے اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے تعلیماتِ فاطمی کو عام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیدہ فاطمة الزہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت رہتی دنیا تک خواتینِ اسلام کے لیے بہترین نمونہ ہے۔ آپ سرورِ کائنات حضرت محمدؐ کی صاحبزادی تھیں اور مکی دور کی سختیوں کو ثابت قدمی سے برداشت کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمة الزہرا سلام اللہ علیہا کی زندگی عبادت، حیا، قناعت اور خدمتِ خلق کا عملی مظہر تھی،موجودہ دور میں خواتین کو سیدہ کائنات کی سیرت سے رہنمائی حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیدہ فاطمة الزہرا سلام اللہ علیہا نے سادگی اور قناعت کو اختیار فرمایا اور آپ کا گھرانہ اسلام کی تاریخ میں مرکزِ ہدایت کی حیثیت رکھتا ہے۔ سیدہ فاطمة الزہرا سلام اللہ علیہا نے صبر، حیا اور عبادت کا عملی نمونہ پیش کیا۔ نئی نسل کو اسلامی اقدار سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔حضرت فاطمة الزہرا سلام اللہ علیہا کا گھرانہ اسلام کا روشن باب ہے اور اس خاندانِ اطہر نے دینِ اسلام کی سربلندی کے لیے لازوال قربانیاں دیں۔

انہوں نے کہا کہ سیدہ فاطمة الزہرا سلام اللہ علیہا کی شخصیت امتِ مسلمہ میں نمایاں مقام رکھتی ہے۔ آلِ رسولۖ سے سچی محبت ایمان کی کامل دلیل ہے اور قوم کو مشکلات میں اللہ تعالی کی رحمت کا دروازہ کھٹکھٹانا چاہیے۔اس موقع پر ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں تنظیمات اہلسنت پاکستان سے وابستہ قائدین نے مختلف اجتماعات سے خطاب کیا۔