چیئرمین سینیٹ کی ماروی خورشید ملک کے ایصال ثواب کیلئے اجتماعی دعائیہ تقریب میں شرکت

جمعرات 2 اپریل 2026 19:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2026ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان پیپلز پارٹی کی پارلیمانی لیڈر سینیٹر شیری رحمان کی صاحبزادی مرحومہ ماروی خورشید ملک کے ایصال ثواب کے لیے پاکستان سویٹ ہوم اسلام آباد میں منعقدہ اجتماعی دعائیہ تقریب میں شرکت کی۔ جمعرات کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق تقریب میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ سینیٹر محمد اعظم سواتی سینٹر ذیشان خانزادہ سینٹر شہادت اعوان، سینیٹر فلک ناز ، سینیٹر حاجی ہدایت اللہ خان سینیٹر فوزیہ ارشد ،سینیٹر فیصل جاوید رکن قومی اسمبلی سید علی قاسم گیلانی، سید خورشید شاہ، سابق چیئرمین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری ، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ، وفاقی وزیر عبد العلیم خان ، سابق ایم ڈی پاکستان بیت المال عامر فدا پراچہ سابق وزیر نذر محمد گوندل، سابق رکن قومی اسمبلی زمرد خان سمیت اراکین قومی اسمبلی، اراکین سینیٹ، مختلف سیاسی و سماجی شخصیات، معروف سینئر صحافی اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

دعائیہ تقریب میں مرحومہ کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور ان کی مغفرت کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔اجتماعی دعا میں مرحومہ کی مغفرت، درجات کی بلندی اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لیے دعا کی گئی۔ چیئرمین سینیٹ، سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سینیٹر شیری رحمان اور ان کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔اجتماعی دعائیں اور تعزیت کا اظہار نہ صرف غمزدہ خاندان کے لیے تسلی و حوصلے کا ذریعہ بنتا ہے بلکہ معاشرتی یکجہتی اور بھائی چارے کو بھی فروغ دیتا ہے۔

مرحومہ کے لیے کی جانے والی دعائیں ان کے درجات کی بلندی کا باعث بنیں گی۔اللہ تعالیٰ لواحقین کو یہ صدمہ صبر و حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے گا۔ دعائیہ تقریب میں شرکا نے بھی مرحومہ کی مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی جبکہ ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں۔دعائیہ تقریب میں پاکستان سویٹ ہوم کے معصوم فرشتوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔