وہاڑی میں کسان اتحاد اجلاس، گندم خریداری مہم 10 اپریل سے شروع کرنے کا اعلان

ہفتہ 4 اپریل 2026 18:23

وہاڑی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اپریل2026ء) ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ کی زیر صدارت پاکستان کسان اتحاد کے عہدیداران کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر تصور اقبال نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں موجودہ بین الاقوامی حالات کے تناظر میں مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے کہا کہ پوری دنیا سنگین صورتحال سے دوچار ہے اور کاشتکار ملکی معیشت میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، موجودہ حالات میں حکومت پنجاب کاشتکاروں سے مکمل تعاون کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب گندم کے کاشتکاروں کو 1500 روپے فی ایکڑ کے حساب سے سپورٹ فراہم کر رہی ہے جبکہ گندم خریداری مہم کا آغاز 10 اپریل سے ہوگا اور پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ معاہدے کے تحت 3500 روپے فی من کے حساب سے گندم خریدی جائے گی۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر تصور اقبال نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں باہمی اتحاد وقت کی ضرورت ہے اور ہمیں ہمت و حوصلے سے حالات کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

اجلاس میں پاکستان کسان اتحاد کے عہدیداران نے حکومتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل غلام مرتضیٰ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت رانا محمد عارف، ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز میاں نعیم عاصم سمیت پاکستان کسان اتحاد کے رہنما افتخار چوہدری، چوہدری اقبال یوسف اور چوہدری محمد اکرم کمبوہ بھی موجود تھے۔\378