مخدوم سید احمد محمود کی ایسٹر پر پاکستان سمیت دنیا بھر کی مسیحی برادری کو دلی مبارکباد

اتوار 5 اپریل 2026 20:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2026ء) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر اور سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے ایسٹر کے پرمسرت موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر کی مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ ایسٹر محض ایک مذہبی تہوار نہیں بلکہ یہ امید، تجدیدِ حیات، قربانی اور انسانیت کی خدمت کا عالمگیر پیغام اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔

یہ دن ہمیں اس حقیقت کی یاد دلاتا ہے کہ آزمائشوں و مشکلات کے بعد روشنی اور کامیابی کی نئی صبح ضرور طلوع ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے قیام سے ہی مساوات، بین المذاہب ہم آہنگی، سماجی انصاف اور انسانی وقار کے اصولوں پر کاربند رہی ہے، پارٹی کے یہی بنیادی نظریات آئینِ پاکستان 1973 میں بھی واضح طور پر جھلکتے ہیں، جو ہر پاکستانی شہری کو بلا تفریق مذہب، نسل یا عقیدے کے بنیادی حقوق، مذہبی آزادی اور برابر کے مواقع فراہم کرنے کی ضمانت دیتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ آئین پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے اس ویژن کی عکاسی کرتا ہے جس میں ریاست کو تمام شہریوں کے لیے یکساں حقوق اور تحفظ فراہم کرنا تھا۔مخدوم احمد محمود نے مسیحی برادری کی قومی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام میں مسیحی کمیونٹی کا کردار نہایت نمایاں اور قابلِ فخر ہے، تعلیم، صحت، فلاحی خدمات، سول سروسز اور دفاع کے شعبوں میں ان کی خدمات تاریخ کا روشن باب ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایسٹر کا موقع ہمیں اتحاد، رواداری، برداشت اور باہمی احترام کے فروغ کا عملی درس دیتا ہے۔ آج کے حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم مذہبی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنائیں اور نفرت، تعصب اور تقسیم کی سوچ کو مسترد کریں۔آخر میں انہوں نے کہا کہ آئیے اس بابرکت موقع پر ہم اس عہد کی تجدید کریں کہ ہم ایک ایسے پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے جہاں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، انسانی حقوق کا تحفظ اور سماجی انصاف یقینی ہو، جہاں ہر شہری کو بلا امتیاز مذہب و عقیدہ عزت، تحفظ اور ترقی کے مساوی مواقع میسر ہوں۔