نیشنل پریس کلب میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد

جمعرات 9 اپریل 2026 23:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2026ء) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس دستور اور آرآئی یوجے دستور کے زیر اہتمام نیشنل پریس کلب میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس میں شرکاء نے وفات پاجانے والے سینئر صحافیوں سہیل عبد الناصر ،افتخار شکیل ،رانا ابرارخالد ،مظہر اقبال ،نثار احمد خان،شہباز بھٹی مرحوم کی صحافتی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ساتھیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک بھر کے صحافیوں کے معاشی مسائل حل کرنے سمیت میڈیا ہاوسز سے صحافیوں کی جبری برطرفی ۔تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا نوٹس لے اور انہیں بیروزگار ہونے سے بچایا جائے، صحافیوں کےلیئے میڈیا ٹائون فیز ٹو ،ہائوسنگ فائونڈیشن میں عرصہ دراز سے التوا کا شکار پلاٹوں کی الاٹمنٹ اور بلاتفریق ہیلتھ انشورنش فراہم کی جائے۔

(جاری ہے)

کانفرنس کی صدارت پی ایف یوجے دستور کے صدر محمد نواز رضا نے کی جبکہ پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر فرحت اللہ بابر ،پریس کلب کے سیکرٹری ،جاگو گروپ کے سربراہ مطیع اللہ جان ، جاوید ملک، آر آئی یوجے دستور کے نائب صدر رازق بھٹی ،سابق صدر سید قیصر عباس شاہ ، سجاد حیدر ،سینئر صحافی مجاہد بھٹی ،سجاد اظہر منظور سلہریا ،پریس کلب کے سابق فنانس سیکرٹری اسحاق چوہدری اور وفات پا جانے والے صحافیوں کے بچوں نے بھی اظہار خیال کیا ۔

پی ایف یوجے دستور کے صدر محمد نواز رضا نے کہا کہ حکومت صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کرے اس کیلئے ہر فورم پر آواز بھی اٹھائی جائے گی ہم کسی صورت اپنی صحافتی برادری کو بے یار ومددگار نہیں چھوڑیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کئی صحافی بھائی کسمپرسی کی حالت میں دنیا سے چلے گئے جنہیں حکومتوں نے پوچھا نہ ان کے میڈیا ہائوسز نے ان کی کوئی مدد کی الٹا ان کی تنخواہیں تک ادا نہیں کی گئیں۔

اب بھی ملک بھر میں صحافتی برادری معاشی مسائل سے دوچار ہے، آئے روز اداروں سے انہیں برطرف کیا جا رہا ہے۔ صحافیوں کی فلاح وبہبود کے لیئے آخری حد تک جائیں گے ۔پیپلز پارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر نے کہاکہ وہ صحافی برادری کے ساتھ کھڑے ہیں ان کا صحافیوں سے پانچ عشروں سے بھی زائد کا تعلق ہے۔ پریس کلب کے سیکرٹری نے کہا کہ صحافتی برادری سے کیئے گئے تمام وعدے پورے کرنے کےلیئے تمام وسائل بروئےکار لائیں گے اور صحافیوں کے حقوق کا تحفظ کریں گے ۔مطیع اللہ جان نے کہا کہ پریس کلب میں بائیو میٹرک ممبران لسٹ بنائی جائے گی۔