ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی کامران ٹیسوری کی والدہ کی عیادت،عارف شاہ کے بھائی اورزبیر احمد خان کے بھائی سے والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار

ہفتہ 18 اپریل 2026 22:30

چی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2026ء) متحدہ قومی موومنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے سینیئر مرکزی رہنما سید امین الحق، حق پرست رکن قومی اسمبلی، صبحین غوری، اور اراکینِ سی او سی سی ارشاد ظفیر و شریف خان کے ہمراہ کراچی کے مقامی اسپتال کا دورہ کیا اور سابق گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی علیل والدہ کی عیادت کی، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کامران ٹیسوری سے ان کی والدہ کی صحت سے متعلق دریافت کیا اور ان کی جلد و کامل شفایابی کے لئے خصوصی دعا کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، بعد ازاں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے وفد کے ہمراہ رکن سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی عارف شاہ کی رہائش گاہ پہنچ کر ان کے بڑے بھائی کے انتقال پر دلی تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین متحدہ کا کہنا تھا کہ بھائی کا بچھڑنا ایک بڑا صدمہ ہے دکھ کی اس گھڑی میں پوری تنظیم غمزدہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے، علاوہ ازیں چیئرمین ایم کیو ایم نے سابق رکن سندھ اسمبلی زبیر احمد خان کے بھائی فیصل خان کی رہائش گاہ کا بھی دورہ کیا اور ان کی والدہ کی رحلت پر گہرے رنج و ملال کا اظہار کیا، انہوں نے سابق رکن صوبائی اسمبلی کے بھائی سے تعزیت کرتے ہوئے مرحومہ کے بلند درجات کے لیے دعا کی، دورے کے اختتام پر ایم کیو ایم کے وفد نے تمام مرحومین کی مغفرت پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل اور اجرِ عظیم کے لئے اجتماعی دعا بھی کی۔