؁ ڈاکٹر مفتی انتخاب احمد نوری کی متحدہ علماء بورڈ پنجاب کے چیئرمین کے طور پر تقرری پر مختلف مذہبی و سماجی شخصیات کی مبارکباد

اتوار 19 اپریل 2026 17:05

aاسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2026ء) ممتاز مذہبی اسکالر ڈاکٹر مفتی انتخاب احمد نوری کی متحدہ علماء بورڈ پنجاب کے چیئرمین کے طور پر تقرری پر مختلف مذہبی و سماجی شخصیات نے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔سابق وفاقی وزیر مذہبی امور صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی، آستانہ عالیہ کھریپڑ شریف کے سجادہ نشین صاحبزادہ پیر اویس عالم قادری، سنی اتحاد کونسل کے سیکریٹری اطلاعات ارشد مصطفائی، انجمن طلبہ اسلام کے مرکزی صدر فیصل قیوم ماگرے، آستانہ عالیہ عیدگاہ شریف کے سجادہ نشین صاحبزادہ پیر سعد الرحمان نقشبندی، اسلامک ریسرچ کونسل کے صدر ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان، تنظیمات اہلسنت پاکستان کے مرکزی ترجمان محمد اکرم رضوی، پاکستان فلاح پارٹی کے سربراہ محمد رمضان مغل ایڈووکیٹ، جماعت اہلسنت پاکستان کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سید احسان گیلانی، مصطفائی تحریک کے ڈویژنل صدر مشتاق احمد قادری سمیت دیگر رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ڈاکٹر مفتی انتخاب احمد نوری ایک جید عالم دین، مدبر اور باصلاحیت شخصیت ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کی تقرری سے متحدہ علماء بورڈ پنجاب مزید فعال اور مؤثر کردار ادا کرے گا اور صوبے میں مذہبی ہم آہنگی، اعتدال اور رواداری کے فروغ میں مثبت پیش رفت ہوگی۔ رہنماؤں کے مطابق موجودہ حالات میں مذہبی معاملات میں سنجیدگی، بصیرت اور اعتدال کی اشد ضرورت ہے، اور ڈاکٹر مفتی انتخاب احمد نوری کی قیادت میں بورڈ ان تقاضوں کو بخوبی پورا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھاتے ہوئے علماء کے درمیان اتحاد کو فروغ دیں گے اور معاشرے میں مثبت دینی اقدار کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کریں گے۔