Live Updates

مذاکرات میں لبنان ،غزہ مستقل جنگ بندی ،عافیہ صدیقی کی رہائی کی بھی بات کی جائے‘ تحریک انصاف نظریاتی

منگل 21 اپریل 2026 12:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2026ء) تحریک انصاف نظریاتی نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کے ممالک اسلامی بلاک و اسلامی بینک بنا کر ہی اپنی دولت ،معدنی ذخائر ،تیل ،سونا ،چاندی اورکوئلے کے ذخائر کی حفاظت کرسکتے ہیں ،مشترکہ وسائل امت مسلمہ کے دفاع اور فلاح و بہبود پر خرچ کرکے ہی دنیا میں مقام بنایا جاسکتا ہے ۔تحریک انصاف نظریاتی کے رہنمائوں شہباز اسلم گجر،رانا عبدالغفار ایڈووکیٹ،چوہدری قدیر احمد،عاصم ڈار،صبیحہ منظور،شیخ طارق رشید،محمد علی،رفیق چوہان،طارق خان لودھی،یعقوب بھٹی،عامر انجم،عبدالستار بھٹی،میاں یعقوب آرائیں اورساجد علی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ایران امریکہ جنگ بندی کے ساتھ ساتھ لبنان اور غزہ میں بھی مستقل امن کیلئے تمام مسلمان ممالک کو کاوشیں کرنا ہوں گی ،ایران امریکہ مذاکرات میں لبنان غزہ میں مستقل جنگ بندی کے ساتھ ساتھ پاکستانی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کو بھی سامنے رکھنا ہوگا ۔

(جاری ہے)

رہنمائوں نے کہاکہ خلیجی ممالک میں امریکی اڈے مسلمانوں کی حفاظت کیلئے نہیں بلکہ اسرائیل کی حفاظت اور امریکہ کی دہشت گردی کے فروغ کیلئے ہیں ۔مسلمان حکمرانوں کو عیاشیاں چھوڑ کر ہوش کے ناخن لینے ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ دنیا کی تاریخ گواہ ہے کہ امریکہ نے ہمیشہ پاکستان کو اپنے مفادات کیلئے استعمال کیا ،اب پھر بے یارو مددگار چھوڑ دیا ،سب سے پہلے پاکستان نے چائنہ اور امریکہ کے مذاکرات کروائے ،پھر افغانستان میں روسی فوج کے خلاف امریکا کی بھرپور مدد کی ،پاک بھارت جنگ میں بھی امریکہ نے کبھی بھی پاکستان کی مدد نہیں کی۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات