ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ اینڈ امیگریشن چوہدری محمد علی رندھاوا کی والدہ مرحومہ کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعائیہ تقریب کا اہتمام

منگل 21 اپریل 2026 21:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2026ء) سابق چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد، ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ اینڈ امیگریشن چوہدری محمد علی رندھاوا کی والدہ مرحومہ کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعائیہ تقریب کا اہتمام ان کی رہائش گاہ پر کیا گیا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت کی۔

دعائیہ تقریب میں وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ، وزیر مملکت برائے قانون بیرسٹر عقیل ملک، وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر توقیر شاہ، وزیر اعظم کے مشیر طلحہ برکی ،اٹارنی جنرل پاکستان ملک منصور علی اعوان، وفاقی سیکرٹری برائے داخلہ خرم علی آغا، انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد علی ناصر رضوی، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن، سابق چیئرمین سی ڈی اے کامران لاشاری، ایڈیشنل سیکرٹری راجہ رفعت مختار، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار محمد طاہر، سابق ممبر قومی اسمبلی چوہدری اعجاز، سابق ایم ڈی پاکستان بیت المال زمرد خان، سابق ممبر قومی اسمبلی صداقت علی عباسی، پی ایف یو جے دستور کے صدر شرجیل امجد رائو، سی ڈی اے ایمپلائز یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یاسین، پی ایف یو جے برنا کے صدر افضل بٹ سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تلاوت قرآن مجید کی سعادت مسجد نبوی کے فارغ التحصیل قاری محمد اعظم مدنی نے حاصل کی جبکہ کرنل نذیر احمد چوہدری نے والدین کی خدمت اور حقوق کے بارے میں بیان کیا۔ آخر میں مرحومہ کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔