گورنر پنجاب نے جنڈ میں سولر واٹر سپلائی اسکیم کا افتتاح کر دیا

اتوار 26 اپریل 2026 19:09

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2026ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اتوار کے روز ضلع اٹک کی تحصیل جنڈ کے گاؤں لنگر میں سولر توانائی سے چلنے والی واٹر سپلائی اسکیم کا افتتاح کر دیا، جس کے ذریعے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔افتتاحی تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں مقامی عمائدین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ ضلع اٹک کی ترقی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صاف پینے کے پانی تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے، اور گاؤں لنگر میں سولر واٹر سپلائی اسکیم اسی بنیادی ضرورت کو پورا کرنے کی ایک اہم کڑی ہے۔انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے وژن کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کے لیے سرگرم عمل ہے۔

گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ وہ ضلع اٹک کے عوام کو درپیش مسائل سے ذاتی طور پر آگاہ ہیں اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔\378