قابض بھارتی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف سرینگر ، جموں میں مظاہرے

بھارت نے جموںوکشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے ، حریت کانفرنس

جمعرات 30 اپریل 2026 22:33

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2026ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت نے علاقے پر اپنے تسلط کو برقرار رکھنے کیلئے یہاں 11لاکھ سے زائد فورسز اہلکار تعینات کررکھے ہیںجنہوں نے کشمیریوںکا جینا حرام کر رکھا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت محض فوجی طاقت کے بل پر جموںوکشمیر پر قابض ہے ، اس نے لاکھوں فورسز اہلکاروں کی تعیناتی کے ذریعے اسے دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔

انہوںنے کہا کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت نے کشمیریوں کے سیاسی ، معاشی ، معاشرتی اور مذہبی سمیت تمام بنیادی حقوق سلب کررکھے ہیں اور وہ جائیدادوں کی ضبطی ، کشمیری سرکاری ملازمین کی برطرفی اور جبر و استبداد کے دیگر ہتھکنڈوں کے ذریعے انہیں تحریک آزادی سے باز رکھنا چاہتی ہے جس میں وہ بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثنا قابض بھارتی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف سرینگر اور جموں میں زبردست احتجاجی مظاہرے کیے گئے ۔

سری نگر کے بٹہ مالو جبکہ جموں کے دنسال علاقوں میں پینے کے پانی کی عدم فراہمی کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے ۔ مظاہریں نے سڑکیں بلاک کر دی جس کی وجہ سے ٹریفک کی آمد ورفت میں شدید خلل پڑا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی بے حسی کے باعث ہزاروں رہائشی مشکلات کا شکار ہیں اور وہ دور دراز کے علاقوں سے پانی لانے پرمجبور ہیں۔ انہوںنے خبردار کیا کہ اگر پانی کا مسئلہ حل نہ کیا گیا تو وہ اپنے احتجاجی میں تیزی لائیں گے۔

بھارتی حکومت ایک طرف مقبوضہ علاقے میں تعمیر و ترقی کے دعوے کر رہی ہے جبکہ پانی ، بجلی جیسی بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی سے اسکے دعوئوں کی قلعی کھل رہی ہے۔ بھارتی پولیس کے سائبر کرائم ونگ نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی رہنما التجا مفتی کے خلاف بزرگ حریت قائد سید علی گیلانی شہید کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔

سید علی گیلانی کا یہ ویڈکلپ اردو زبان کی اہمیت و افادیت کے بارے میںہے جسے بی جے پی کی ہندو توا بھارتی حکومت ختم کر نے پر تلی ہوئی ہے۔دہلی کی ایک عدالت نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر شاہ کی اہلیہ بلقیس شاہ کے خلاف 2007 کے برسوں پرانے جھوٹے مقدمے میںفرد جرم عائد کرنے کا حکم دیا ہے۔دریں اثنا، برطانیہ کی پارلیمنٹ میں ایک سیمینار میں تنازعات سے متاثرہ علاقوں میں بیواؤںکے لیے فوری قانونی تحفظ، حقوق اور معاوضے کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا ۔ کشمیری نمائندہ شمیم شال نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں خواتین کی حالت زار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں اب تک ہزاروں کشمیری خواتین بیوہ ہو چکی ہیں۔