صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کابانڈی ہل پہنچنے پر شاندار استقبال

کشمیر بنے گا پاکستان نعرہ مسلم کانفرنس کی میراث ہے اور مسلم کانفرنس اس نعرے کی محافظ ہے ، سردار عتیق احمد خان

جمعہ 1 مئی 2026 14:25

مظفرآباد /دھیر کوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2026ء) صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان کابانڈی ہل پہنچنے پر شاندار استقبال ، فلک شگاف نعروں سے فضاء گونج اٹھی ، کارکنان کی بڑی تعداد جمع ہوگئی اور سردار عتیق احمد خان کوخوش آمدید کہا ، جبکہ صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان کے اعزاز میں مسلم کانفرنس کی مجلس عاملہ کے ممبر راجہ مصطفی آزاد کی جانب سے دیے گئے عشائیہ دیا ،اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ مسلم کانفرنس کے اچھا وقت آن پہنچا ہے ، مسلم کانفرنس نے ایک بار پھر سے عام انتخابات میں مہاجرین اور آزاد کشمیر کے انتخابی حلقوں سے امیدوار کھڑے کررہی ہے جس سے مسلم کانفرنس ایک بڑی قوت بن کر ابھرے گی ، مسلم کانفرنس کی جانب عوام کا رحجان بڑھتا جارہا ہے اور مسلم کانفرنس کامیابیاں سمیٹے گی ، مسلم کانفرنس نظریہ الحاق پاکستان کے طور پر اگرکوئی ریلی کا اہتمام کرتی ہے تو اس الزام دیا جاتا ہے کہ مسلم کانفرنس پاکستان سے الحاق کی دعوی دار جماعت بننے کی کوشش کررہی ہے،مخالفین فضول بحث کرنے کے بجائے اگر تحریک آزادی کشمیر کے لئے اپنابھرپور کردار ادا کریں اور ذاتی رنجشیں ایک طرف رکھ کر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں تو کیا امر مانع ہے کہ کشمیر کا مسئلہ حل نہ ہو اور اس پر اقوام متحدہ اپنا کردار ادا نہ کرے ، کشمیر بنے گا پاکستان نعرہ مسلم کانفرنس کی میراث ہے اور مسلم کانفرنس اس نعرے کی محافظ ہے ، پاکستان سے ہمارا خونی اور دل کا رشتہ ہے پاکستان کے بغیر کشمیری نامکمل ہیں ہم نے اگر اقتدار کے لئے نعرہ لگانا ہوتاتو کشمیر بنے گا پاکستان کی جگہ کوئی اور نعرہ لگانا پڑتا ، مسلم کانفرنس نے ریاستی تشخص و قار کوکبھی مجروح نہیں ہونے دیا، پاکستان ہمارے دلوں کی دھڑکن ہے اور پاکستان سے الحاق اور تحریک آزادی کشمیر کا مقصد صرف ایک ہی ہے اور اس مقصد کے لئے لاکھوں جانیں قربان کی گئی ہیں جو لوگ محض ذاتی مقاصد اور انتشار کے لئے بیانیہ بنائے ہوئے ہیں ان کے ہاتھ کچھ نہیں آنے والا ، آزاد کشمیر کے عوام خوش قسمت ہیں جہاں اظہار رائے کی آزادی ہے اگر مقبوضہ کشمیر او ر آزاد کشمیر کا موازنہ کیا جائے تو خود بات آجاتی ہے کہ آزادی و غلامی میں کیا فرق ہے اور آزادی کتنی بڑی نعمت ہے ، اس لئے ہمیں تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ میں موجود رہ کر مقبوضہ کشمیر کے ان بہن بھائیوں کی آزادی کے لئے آواز بلند کریں جو اپنے نسلیں قربان کر چکے ہیں ، مائیں اپنے بیٹوں کے سر اور بہنیں اپنے بھائیوں کے لاشے اٹھاتی آرہی ہیں مگر ان تمام مظالم کے باعث ہندوستان کو اپنے مکروہ عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا ہے ۔

(جاری ہے)

پاک فوج ہمارا فخر ہے اورجس طرح وہ ہماری حفاظت کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں اس سے زیادہ کشمیریوں اور پاکستانیوں کا کتنا گہرا رشتہ ثابت کرنا ہوگا ۔دریں اثناء صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان سے مجاہد منزل میں ڈھک سے راجہ عمران حنیف، راجہ اظہر فاروق، راجہ شہباز اور راجہ یاسر خالد، گجرات سے امیدوار اسمبلی مرزا محمد ریاض سابق چیئرمین بلدیہ جلال پور جٹاں، مرزا امجد محمود، ظہور احمد مرزا اور طارق محمودمرزا نے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔