معرک حق کی مناسبت سے مزارِ اقبال پر تقریب کا انعقاد

طلبا ء و طالبات نے پھولوں کی چادر چڑھا کر عقیدت و محبت کا اظہار کیا مختلف جامعات کے وائس چانسلرز اور ماہرین تعلیم نے تقریب میں خصوصی شرکت کی

ہفتہ 2 مئی 2026 15:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2026ء) معرکہ حق کی مناسبت سے مزارِ اقبال پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔راحت فتح علی خان نے ’’لب پہ آتی ہے دعا‘‘سمیت کلامِ اقبال پیش کرکے سماں باندھ دیا، مزارِ اقبال پر طلبا ء و طالبات نے حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھا کر عقیدت و محبت کا اظہار کیا، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے طلبا ء نے کلامِ اقبال پیش کر کے محفل کوگرما دیا۔

میمونہ ساجد نے’’ہرلحظہ ہے مومن کی نئی آن نئی شان‘‘پیش کر کے داد سمیٹی، مختلف جامعات کے وائس چانسلرز اور ماہرین تعلیم نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔شرکا ء میں وائس چانسلر یو ای ٹی ڈاکٹر شاہد منیر، پرنسپل فاطمہ جناح میڈیکل کالج ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، پرنسپل کنیئرڈ کالج فار ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر ارم، پرو ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر اعجاز اللہ چیمہ، ڈین پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر بصیرہ عنبرین، ڈین لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر ریحانہ، ڈین گورنمنٹ کالج یونیورسٹی ڈاکٹر شہزاد حسین اور وائس چانسلر سپیریئر یونیورسٹی ڈاکٹر محمد نظام، پروفیسر ڈاکٹر ندیم جعفر نے شرکت کی اور اظہارِ خیال کیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے علامہ اقبال کے فلسفہ خودی اوردو قومی نظریے کو اجاگر کیا، معرکہ حق کی کامیابی کو اقبال کے خوابوں کی تعبیر قرار دیا گیا، شرکا ء نے افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔تقریب میں قومی یکجہتی،نظری پاکستان اورحب الوطنی کا بھرپور اظہار کیا گیا، مقررین نے فکرِ اقبال کو نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔پروقار تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، ترقی اوراستحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔