ٌمعرکہ حق کی مناسبت سے مزارِ اقبال پر پروقار تقریب، مفکرِ پاکستان کو شاندار خراجِ عقیدت پیش

ہفتہ 2 مئی 2026 17:55

iلاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مئی2026ء) معرکہ حق کی مناسبت سے مزارِ اقبال پر پروقار تقریب ہوئی جس میں مفکرِ پاکستان کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ۔مزارِ اقبال پر طلبا و طالبات کی حاضری ہوئی، پھولوں کی چادر چڑھا کر عقیدت و محبت کا اظہارکیا۔ راحت فتح علی خان نے "لب پہ آتی ہے دعا" سمیت کلامِ اقبال پیش کرکے سماں باندھ دیا۔

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے طلبا نے کلامِ اقبال پیش کر کے محفل کو گرما دیا۔ میمونہ ساجد نے "ہر لحظہ ہے مومن کی نئی آن نئی شان" پیش کر کے داد سمیٹی۔ مختلف جامعات کے وائس چانسلرز اور ماہرین تعلیم کی خصوصی شرکت ہوئی۔ شرکا میں وائس چانسلر یو ای ٹی ڈاکٹر شاہد منیر، پرنسپل فاطمہ جناح میڈیکل کالج ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، پرنسپل کنیرڈ کالج فار ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر ارم، پرو ریکٹریو ایم ٹی ڈاکٹر اعجاز اللہ چیمہ، ڈین پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر بسیرا امبرین، ڈین لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر ریحانہ، ڈین گورنمنٹ کالج یونیورسٹی ڈاکٹر شہزاد حسین اور وائس چانسلر سپیریئر یونیورسٹی ڈاکٹر محمد نظام ، پروفیسر ڈاکٹر ندیم جعفر نے شرکت کی اور اظہارِ خیال کیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے علامہ اقبال کے فلسفہ خودی اور دو قومی نظریے کو اجاگر کیا۔معرکہ حق کی کامیابی کو اقبال کے خوابوں کی تعبیر قرار دیا گیا۔ شرکا نے افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیاتقریب میں قومی یکجہتی، نظریہ پاکستان اور حب الوطنی کا بھرپور اظہارکیا گیا۔ مقررین نے فکرِ اقبال کو نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔ تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔