Live Updates

ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے سخت فیصلے کیے ہیں، عدالتی آرڈر کے باوجود بی آر ٹی کا کام ایک سیکنڈ بھی نہیں رکے گا: شرجیل میمن

ریڈ لائن منصوبہ صرف بسیں چلانے تک محدود نہیں بلکہ آئندہ 100 سال کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بنایا جا رہا ہے،سینئروزیر سندھ

اتوار 3 مئی 2026 16:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2026ء) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ، شرجیل انعام میمن نے ریڈ لائن بی آر ٹی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سی ای او ٹرانس کراچی زبیر چنا، کنسلٹنٹس اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کو منصوبے میں ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ میری یا کسی کی ذاتی خواہش پر فیصلے نہیں ہوتے، ہم نے تمام قوانین کی مکمل پاسداری کی ہے اور حکومت کی طرف سے نہ کوئی کوتاہی ہوئی اور نہ ہی کوئی بدنیتی تھی، شہر کے مسائل الگ نوعیت کے ہوتے ہیں، تھرپارکر میں کم وقت میں اچھی سڑک بن سکتی ہے لیکن یونیورسٹی روڈ شہر کا حب ہے جہاں یوٹیلیٹیز ایک بڑا چیلنج بنی رہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک اور سوئی گیس سمیت مختلف اداروں کے مسائل درپیش تھے، جس کے بعد حکومت سندھ نے کنٹریکٹ ختم کرنے کا سخت فیصلہ کیا اور ایف ڈبلیو او کو کنٹریکٹ سونپ دیا، ہماری کوشش ہے کہ جولائی کے آخر تک کچھ حد تک ٹریفک بحال کر دی جائے، عوام سے گزارش ہے کہ ہم اس پراجیکٹ کو خوش اسلوبی کے ساتھ آگے بڑھا رہے ہیں۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ بہت آسان تھا کہ سڑک تعمیر کیے بغیر صرف بسیں لے آتے، لیکن خالی بسوں پر گزارا نہیں ہوتا، سڑکوں کی تعمیر بھی ضروری ہے کیونکہ بی آر ٹی آنے والی نسلوں کا پراجیکٹ ہے، یلو لائن بی آر ٹی پر بھی کام جاری ہے، بڑی چیز حاصل کرنے کے لیے کڑوے گھونٹ پینا پڑتے ہیں، کچھ سیاسی جماعتیں اس پراجیکٹ پر سیاست کر رہی ہیں، لیکن ہمارا کام اس منصوبے کو ہر صورت مکمل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی اتنی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے کہ آج وزیرِ اعلی سندھ نے بھی اس کا دورہ کیا، میں بھی ایئرپورٹ سے گھر جانے کے بجائے سیدھا اس پراجیکٹ پر آیا ہوں تاکہ کام کا خود جائزہ لے سکوں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صدرِ مملکت کا چین کا دورہ انتہائی کامیاب رہا، جس میں معاشی خوشحالی اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی بات چیت کی گئی، کچھ لوگ اپنی خواہشات اور مخصوص ایجنڈے کے تحت خبریں بناتے ہیں، یہ آزادی صحافت نہیں بلکہ حقائق کو مسخ کرنے کے مترادف ہے۔

صدرِ مملکت کا چین کا دورہ انتہائی کامیاب رہا اور اس حوالے سے کی جانے والی تمام قیاس آرائیاں دم توڑ چکی ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہمارا مقصد کسی بھی کنٹریکٹر کے ساتھ زیادتی کرنا نہیں تھا، تمام فیصلے قانون اور عوامی مفاد کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیے گئے، امید ہے کہ عدالتیں انصاف کے تمام تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے میرٹ پر فیصلہ کریں گی، ہم نے تمام قانونی اور اخلاقی تقاضے پورے کیے ہیں، عدالت کا فیصلہ سر آنکھوں پر، تاہم عدالتی آرڈر کے باعث ترقیاتی کام نہیں رکے گا، ضرورت پڑی تو توہینِ عدالت کے کیس کا بھی سامنا کریں گے، لیکن عوامی مفاد کے ترقیاتی منصوبے ہرگز نہیں رکیں گے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پانی کی لائن کی وجہ سے کچھ مسائل کا سامنا ہے، واٹر بورڈ کو ہدایات دی ہیں کہ فوری طور پر اس مسئلے کو حل کیا جائے۔ ایک اور سوال کے جواب میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے سندھ حکومت کی سڑکوں پر بات کی، حالانکہ صوبے میں بننے والی تمام بڑی سڑکیں بہترین معیار کی ہیں اور جو سڑکیں شہروں کو آپس میں ملاتی ہیں وہ بھی بہت اچھی تعمیر کی گئی ہیں۔

شاہد خاقان عباسی یا کسی بھی سیاسی جماعت کے نمائندے بیٹھ جائیں، میں انہیں تمام منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دینے کے لیے تیار ہوں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات ہر چیز پر پڑتے ہیں اور اسی وجہ سے پاکستان بھر میں جاری تمام منصوبوں کی لاگت بھی بڑھ رہی ہے، کراچی شہر میں متعدد ترقیاتی منصوبوں پر بیک وقت کام جاری ہے، ہمارا مقصد کراچی کے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شاہراہِ بھٹو کراچی کے لیے ایک گیم چینجر منصوبہ ہے، ہم شاہد خاقان عباسی کو بھی اس کا دورہ کروانے کے لیے تیار ہیں تاکہ وہ خود ترقیاتی کاموں کا جائزہ لے سکیں، کراچی میں آبادی زیادہ ہونے کے باعث چیلنجز بھی زیادہ ہیں، مسائل اپنی جگہ موجود ہیں لیکن اس کے باوجود شہر میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔
Live پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے متعلق تازہ ترین معلومات