بین الاقوامی مارکیٹوں میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا

امریکی ویسٹ ٹیکساس تیل مہنگا ہوکر 106.07ڈالراور برینٹ خام تیل 114.90ڈالر فی بیرل ہوگیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 4 مئی 2026 23:53

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی ۔ 04 مئی 2026ء ) بین الاقوامی مارکیٹوں میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔ میڈیا کے مطابق امریکی ویسٹ ٹیکساس تیل 4.13 ڈالر مہنگا ہوکر 106.07ڈالر فی بیرل ہوگیا۔ برینٹ خام تیل 6.73ڈالر مہنگا ہوکر 114.90ڈالر فی بیرل ہوگیا۔ عالمی بنچ مارک ابوظہبی مربان کروڈ 2.74ڈالر مہنگاہوکر 106.50ڈالر فی بیرل ہوگیا ہے۔

دوسری جانب نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ملک میں پٹرولیم، تیل اور لبریکینٹس کے ذخائر کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے  پیر کے روز اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔دوران اجلاس وزارتِ پٹرولیم نے کمیٹی کو موجودہ سپلائی کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آنے والی کھیپوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جون 2026 کے تیسرے ہفتے تک ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لئے وافر ذخائر موجود ہیں۔

(جاری ہے)

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق کمیٹی کو مزید آگاہ کیا گیا کہ سپلائی کی صورتحال کی روزانہ کی بنیاد پر نیشنل کوآرڈینیشن اینڈ مینجمنٹ کمیٹی کے ذریعے مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ مؤثر نگرانی اور پیشگی سپلائی چین مینجمنٹ کو یقینی بنایا جا سکے۔نائب وزیرِاعظم/وزیرِ خارجہ نے تمام متعلقہ فریقین کی کاوشوں کو سراہا جنہوں نے عالمی اور مقامی چیلنجز کے باوجود ملک بھر میں ایندھن کی مستحکم اور قابلِ اعتماد فراہمی کو یقینی بنایا۔

اجلاس میں وزیرِ پٹرولیم، وزیرِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن، وزیرِ مملکت برائے خزانہ، معاونِ خصوصی برائے وزیراعظم طارق باجوہ، سیکرٹری پٹرولیم، سیکرٹری داخلہ، اوگرا کے نمائندگان اور متعلقہ وزارتوں و محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔