معرکہ حق میں بے مثال جرأت اور کامیابی پرافواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، وفاقی وزیر سردار محمد یوسف

منگل 5 مئی 2026 18:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2026ء) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں کامیابی پر پوری قوم اللہ تعالی کی شکر گزار ہے کہ اللہ نے پاکستان کو ازلی دشمن پر فتح عطا فرمائی، اس کامیابی کے بعد پاکستان پوری دنیا کے امن کے لئے کردار ادا کررہا ہے۔معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر منگل کو وزارت مذہبی امور کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں علماءکرام و مشائخ عظام نے شرکت ۔

علماء و مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہا کہ علماء و مشائخ کونسل پورے ملک میں کام کرتی ہے ،علماء اکرام و مشائخ کا یہ اجلاس معرکہ حق کے ایک سال مکمل ہونے پر ہے ، ہم اس اجلاس میں معرکہ حق میں بے مثال جرأت اور کامیابی پرافواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں افواج پاکستان نے جس طرح جواب دیا وہ تاریخ میں سنہری الفاظ میں لکھا جائے گا ، یہ وہ روشن باب ہے جو تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہے گا ، علمائے اکرام ملک میں جو یکجہتی کے لئے کردار ادا کر رہے ہیں وہ جاری رہے گا ۔

انہوں نے کہا کہ علماء اکرام کا مشکور ہوں جنہوں نے نہ صرف بھر پورساتھ دیا بلکہ رہنمائی بھی فرمائی۔ پاکستان نے اللہ کے فضل سے وہ مقام حاصل کیا کہ جسے دنیا قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں امن قائم کرنے کے لئے پاکستان کے ثالثی کے کردار کی دنیا معترف ہے، وزیر اعظم محمد شہباز شریف اورفیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی سفارتی کامیابیاں اپنی مثال آپ ہیں۔