نیپا کراچی میں بنگلہ دیش کے 12 رکنی سول سروس افسران کے وفد کے اعزاز میں جاری ایگزیکٹو ڈویلپمنٹ پروگرام کا دوسرا روز

منگل 5 مئی 2026 18:03

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مئی2026ء) نیپا کراچی میں بنگلہ دیش کے 12 رکنی سول سروس افسران کے وفد کے اعزاز میں جاری ایگزیکٹو ڈویلپمنٹ پروگرام کے دوسرے روز مختلف فلاحی، طبی اور تعلیمی اداروں کی جانب سے تفصیلی بریفنگز دی گئیں۔پروگرام کے دوران دی سٹیزن فاؤنڈیشن، سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن، انڈس ہسپتال اور ڈاکٹر ضیائ الدین ہسپتال کے نمائندگان نے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں اپنی کارکردگی اور خدمات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

دی سٹیزن فاؤنڈیشن کے نائب صدر سندھیار عنایت نے بتایا کہ ادارہ اس وقت 2261 اسکول چلا رہا ہے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ کوئی بچہ غربت کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن کے پروفیسر علی اصغر نے بتایا کہ گزشتہ سال ادارے میں 45 لاکھ مریضوں کا علاج کیا گیا جبکہ 8 مراکز پر 423 ڈائلیسس مشینوں کے ذریعے خدمات جاری ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ روزانہ 1500 ڈائلیسس سیشنز 24 گھنٹے، 6 شفٹس میں کیے جا رہے ہیں۔ڈائریکٹر جنرل نیپا ڈاکٹر سیف الرحمان نے کہا کہ پاکستان خطے میں مؤثر اور جدید طرزِ حکمرانی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ صرف رسمی ملاقات نہیں بلکہ تجربات کے تبادلے کا عملی موقع ہے جو عوامی خدمت میں بہتری لائے گا۔انہوں نے بتایا کہ یہ پروگرام سول سروسز اکیڈمی لاہور کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے جس کا موضوع اسٹریٹجک لیڈرشپ، گورننس سسٹمز اور پالیسی انوویشن ہے۔

بنگلہ دیشی وفد کی قیادت جوائنٹ سیکرٹری وزارت پبلک ایڈمنسٹریشن ایم اے ریحان اختر نے کی۔تقریب کے دوران ‘‘پلانٹنگ فرینڈشپ’’ کے عنوان سے پاک-بنگلہ دیش تعلقات کے فروغ، باہمی احترام اور پائیدار تعاون کے عزم کو بھی اجاگر کیا گیا۔