اب فیصلہ سڑکوں پر ہوگا،وزیراعلیٰ مغربی بنگال کی پریس کانفرنس

بدھ 6 مئی 2026 13:02

کولکتہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2026ء) بھارتی ریاست مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنر نے وزارت اعلیٰ (چیف منسٹری) چھوڑنے کو یکسر خارج از امکان قرار دیدیا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ممتا بنر جی نے دارلحکومت کولکتہ میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ میرے استعفے ٰ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتاکیونکہ ہمیں ایک سازش کے تحت ہرایا گیا ہے اور ووٹ لوٹے گئے ۔

انہوں نے کہا کہ وہ سڑکوں پر لڑائی لڑیں گی اور اپوزیشن ”انڈیا بلاک“ کو مستحکم کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ ووٹوں کی گنتی میں بڑے پیمانے پر بے قائد گیاں کی گئیں اور 100نشستیں لوٹ لی گئیں۔انہوں نے کہا کہ گنتی کے عمل کو دانستہ طور پر سست کیا گیا، ہمار امقابلہ الیکشن کمیشن سے تھا جو بی جے پی کیلئے کام کر رہا تھا ، میں نے پورے سیاسی کیئرئر میں ایسا الیکشن کبھی نہیں دیکھا ، تاریخ میں ایک اور سیاہ باب کا اضافہ کیا گیا، چیف الیکشن کمشنر” ویلن “بن گیا ۔

(جاری ہے)

ممتا بنر جی نے کہا کہ مرکزی ایجنسیوں اور حکام میں ملی بھگت تھی، چھاپے مارے گئے ، تبادلے کیے گئے اور جانبداری برتی گئی جس کی وجہ سے مقابلہ کا مساوی میدان میسر نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اب قومی سطح پر اپوزیشن اتحاد کو مستحکم کرنے پر توجہ مرکوز کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی، راہول گاندھی سمیت حزب اختلاف کے کئی مرکزی رہنمائوں نے اظہار یکجہتی کے لیے مجھے فون کیا ۔

ممتابنر جی نے مزید کہا کہ میں جب تک کرسی پر تھی میں نے کئی چیزیں برداشت کیں ، اب میں آزاد پنچھی اور عام شہری ہوں ، میں سٹریٹ فائٹر ہوں ، میں سڑکوں پر نکلوں گی اور تمام زیادتیوں کے خلاف لڑوں گی۔دریں اثنا مغربی بنگال میں بی جے پی کی متنازعہ کامیابی کے بعد تشدد کے واقعات پیش آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ضلع بیر بھوم میں ایک جھڑپ میں ترنمول کانگریس کا ایک کارکن ہلاک ہو گیا۔

ایک سینئر پولیس افسر نے کہا کہ عبیر شیخ نامی شخص کو مخالف گروپ کے ساتھ بحث و تکرار کے دوران تیز دھار آلے سے حملہ کر کے ہلاک کیا گیا۔ واقعے میں ایک اور شخص زخمی ہو گیا۔ ٹی ایم سی کے منتخب رکن اسمبلی ودھان مانجھی نے بتایا کہ عبیرشیخ پارٹی کا ایک سرگرم کارکن تھا جسے بی جے پی کے غنڈوں نے قتل کیا۔ ہندو توا پارٹی کے غنڈوں نے ترنمول کانگریس کے کئی دفاتر پر یلغار کر کے توڑ پھوڑ کی۔